تعلیمی اداروں میں پولیس کے چھاپے تقدس کی پامالی ہیں

151

راولپنڈی (جسارت نیوز) ممبر ضلعی رجسٹریشن اتھارٹی و ڈویژنل صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ابرار احمد خان نے ضلعی ایجوکیشن آفیسر راولپنڈی کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو بند کرانے کے لیے نوٹس جاری کرنے اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ اسکولوں میں چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان چھاپوں کو تعلیمی اداروں کے تقدس کے منافی قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز آپسما راولپنڈی ڈویژن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تمام عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ زور زبردستی نجی تعلیمی ادارے بند کروانا قابل مذمت ہے، حالانکہ اس حوالے سے سیکرٹری تعلیم پنجاب سے ہونے والی ملاقات میں طے شدہ معاملات کے مطابق نجی تعلیمی اداروں نے جاری امتحانی پرچوں کے اختتام پر موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرنا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر ہی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا حالانکہ بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں امتحانی پرچے جاری ہیں۔ بعض میں اب سمر کیمپ جاری ہیں لیکن ان اداروں کو بند کرانے کے لیے زور زبردستی کی جارہی ہے، جس سے تعلیمی اداروں کا تقدس پامال ہورہا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک عامر اقبال سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ بھی کیا اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر ڈی ای او نے کہا کہ سرکاری احکامات اور اب شدید گرمی کی وجہ سے والدین کی شکایات پر نجی تعلیمی ادارے بند کرانا ہماری مجبوری ہے، اس لیے سرکاری احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا، جس پر ممبر ضلعی رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی ابرار احمد خان نے کہا ہے کہ بعض تعلیمی اداروں میں امتحانات جاری ہیں جونہی پرچے ختم ہوجائیں گے، ان میں موسم گرما کی چھٹیاں دے دی جائیں گی۔