عام آدمی کے مسائل اور ان کے حل سے حکمرانوں کوکوئی غرض نہیں، میاں مقصود

229

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ جس میں مہنگائی میں اضافے اور معاشی عدم استحکام کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے پر اپنی شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں پہلے ہی حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں اور ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کاطوفان برپا ہے۔ عوام کی قوت خرید اور معیار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں عام آدمی کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے حکمرانوں کوکوئی غرض نہیں۔ بابرکت مہینے کا پہلاعشرہ مکمل ہوگیا ہے مگر مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تھوک مارکیٹوں، پرچون فروشوں اور رمضان بازاروں میں اشیا ضروریہ کی گراں فروشی کاسلسلہ جاری ہے۔ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں سو فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں نے لوٹ مار مچا کر مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو بدحال کردیا ہے۔ رہی سہی کسر لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔ وزیر اعظم اور ان کے وزرا نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے متعدد بار دعوے اور وعدے کیے تھے مگر تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ماہ مقدس میں روزہ داروں کوشدیدمشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے وہاں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران اپنی مدت اقتدار پوری کرچکے ہیں۔پاکستان کے عوام کو سبزباغ دکھانے والے اپنے اقتدار کے پانچ سال پورے کرکے اب دوبارہ انہیں بے وقوف بنانے کے لیے مختلف روپ دھار کر مسیحائی کاڈھنڈوراپیٹ رہے ہیں۔عوام 2018کے انتخابات میں ان بہروپیوں کو مسترد کردیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ وسائل سے مالا مال ملک حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث مسائلستان بن چکا ہے۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص اذیت ناک مسائل اور کرب کاشکارہے، ان کوریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔