فاٹا کے عوام کی ظالمانہ ایف سی آر قوانین سے جان چھوٹ گئی

164

اٹک (وقائع نگار خصوصی) فاٹا کا کے پی کے میں انضمام پارلیمنٹ کا سنہری کارنامہ ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کاوشیں بالآخر نتیجہ خیز ثابت ہوئیں، رمضان میں پاکستان معرض و جود میں آیا اور رمضان میں ہی فاٹا کے عوام کی انگریز کے نافذ کردہ ظالمانہ ایف سی آر قوانین سے جان چھوٹ گئی، ہم فاٹا کے عوام کو دل کی اتھا گہرائیوں سے ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک و چیئرمین یونین کونسل شینکہ مولانا جابر علی خان، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ میاں محمد جنید، نائب امرائے ضلع سردار امجد علی خان، ایم ایم اے ضلع اٹک کے سیکرٹری جنرل و امیدوار جماعت اسلامی این اے 55 اقبا ل خان اور امیدوار جماعت اسلامی پی پی ون محمد اقبال ملک نے اپنے مشترکہ تہنیتی بیان میں کیا جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ فاٹا انضمام احسن اور اچھا قدم ہے۔ انگریز دور سے فاٹا عوام ایس سی آر کے کالے قوانین کا شکار تھے یہ جمہوریت بنیادی انسانی حقوق او ر پاکستان کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں فاٹا انضمام اور ایف سی آر کے کالے قوانین کے خاتمے کے لیے جدوجہد کا آغاز سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کیا۔ بعد میں سید منور حسن اور سینیٹر سراج الحق نے اپنی کاوشیں جاری رکھیں جو با لآخر نتیجہ خیز ثابت ہوئیں۔ فاٹا کے عوام نے سکھ کا سانس لیا یہ بڑی کامیابی ہے۔