الیکشن کمیشن نے نئے منصوبوں کے اشتہارات کا نوٹس لے لیا

113

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد نئے منصوبوں پر پابندی عاید کیے جانے کے باوجود وفاق کے مختلف محکموں کی طرف سے ٹینڈرز وغیرہ طلب کرنے کا نوٹس لیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے ڈپٹی ڈائریکٹر عابد حسین شاہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو لکھے 24 مئی کو لکھے گئے خط میں واضح کیا ہے کہ یکم اپریل کو عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے بعد ای سی پی نے 11 اپریل کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں نئے ترقیاتی منصوبوں ، کسی بھی قسم کی خریداری اور نئے تقرر پر پابندی عائد کردی تھی لیکن الیکشن کمیشن مسلسل یہ بات نوٹ کررہا ہے کہ مختلف وزارتوں کے ماتحت اداروں اور محکموں کی طرف سے نئے منصوبے ، نئی اسامیوں پر تقرر اور سامان وغیرہ کی خریداری کے اشتہارات دیکھنے میں آرہے ہیں۔ لہٰذا ای سی پی کی جانب سے ہدایت کی جاتی ہے کہ یکم اپریل کو بعد شروع کیے جانے والے منصوبوں کے حوالے سے تمام فنڈز روک دیے جائیں۔ ای سی پی نے اکاؤنٹنٹ جنرل کو ہدایت کی ہے کہ اس حکم سے تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کرکے اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔