اختلافات صرف اصولوں پر ہونے چاہئیں، وزیر اعظم

371
گلگت: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی گلگت بلتستان سیکرٹریٹ بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تختی کی نقاب کشائی کررہے ہیں
گلگت: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی گلگت بلتستان سیکرٹریٹ بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تختی کی نقاب کشائی کررہے ہیں

گلگت ( خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ اختلافات صرف اصولوں پر ہونے چاہئیں۔ ان کے بقول اپوزیشن کے رویے پر حیران ہوں ‘ حکومتی اقدام کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے ‘ حزب اختلاف ہمارا موقف بھی سنے۔ گلگت بلتستان آرڈر2018ء کی منظوری کے موقع پر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جی بی آرڈر چند روز کا کام نہیں ا س پر گزشتہ 8 ماہ سے کام کیا جا رہا تھا، بہت سے لوگ اختیارات کی منتقلی نہیں چاہتے تھے سب سے بڑی مخالفت ہماری حکومت کے اندر تھی لیکن آج ن لیگ کی محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ گلگت بلتستان کی اپنی سول سروس بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے پاکستان کی سول سروس میں بھی جی بی کو کوٹا دیا جائے گا،آج کا دن گلگت بلتستان کے لیے سنگ میل ہوگا۔ شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ جوحقوق دیگرصوبوں کو حاصل ہیں وہی حقوق اب گلگت بلتستان کو حاصل ہیں، علاقے میں ترقی ہوگی اور آئین کے مطابق عوام کو بھی ان کے بنیادی حقوق حاصل ہوں گے، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری کے پاس تمام ضروری اختیارات ہوں گے، ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، ججز حتیٰ کہ گورنر بھی گلگت بلتستان سے ہی ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عشروں سے بند سرکاری اسکیمیں ن لیگ نے مکمل کیں، جوکام کیے سب کے سامنے ہیں ہمیں اپنے ترقیاتی کاموں پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ
چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی بنیاد گلگت بلتستان ہے ،سی پیک کا فائدہ بھی گلگت بلتستان کو ہی ملے گا، سی پیک سے استفادہ کیے جانے سے گلگت بلتستان ملک کا سب سے خوشحال علاقہ ہوگا۔