کوئٹہ میں فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید‘2 حملہ آور بھی مارے گئے

137

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر4 راہگیر بھی زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ
تقریباً 6 بجے کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پرکیپری سینما چوک پر پیش آیا جب ٹریفک پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی کے دوران تھک کر ایک دکان کے باہر بیٹھے تھے۔ اس دوران نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ قریب ہی گشت میں مصروف ایگل پولیس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچے تو ان کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ایگل فورس کے کمانڈوز نے مؤثرجوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو سر اور کمر میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور ان کے ایک ساتھی کو زخمی بھی کیا جو فرار ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔ شہید ٹریفک اہلکاروں اور ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت نوشکی کے رہائشی 35سالہ حوالدار سید شبیر شاہ اور کوئٹہ کے علاقے فیض آباد کے رہائشی 30 سالہ سپاہی عبدالرشید سرمستانی کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی راہگیروں میں محمد شفیق ولد حاجی احمد خان درانی سکنہ سرکی روڈ ‘45سالہ خدائے داد ولد حاجی سلطان اچکزئی سکنہ سکنہ عثمان پشتون آباد‘ حاجی اختر محمد ولد محمد جان علیزئی سکنہ عیسیٰ خان روڈ اور جانان ولد عبدالخالق الکوزئی سکنہ پشتون آباد شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ موقع پر پہنچے اور انہوں نے جائے وقوع کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ ٹریفک اہلکاروں پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی تو آواز سنتے ہی قریب ہی گشت پر مامور پولیس کے ایگل فورس کے کمانڈوز موقع پر پہنچے اور دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔ کچھ ہی فاصلے پر عیسیٰ خان روڈ پر دہشتگردوں کو گھیر کر ایگل فورس کے اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی اور گولیاں مار کر دو افراد کو ہلاک کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے اسلحہ برآمد ہوا ہے‘ جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔لیویز کے مطابق واقعہ تربت کے نواحی علاقے کڈان دشت میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر پرائمری اسکول کی ٹیچر بلقیس کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ دشت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کالعدم تنظیم کے ہاتھوں قتل ہونیوالی یہ آٹھویں خاتون ہے۔