وزیر اعظم اپنی ناکامیوں کابوجھ اداروں پر مت گرائیں،میاں مقصود

125

لاہور (نمائندہ جسارت) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کے بیان کہ’’5سالہ دور میں مہنگائی کم ہوئی ہے،نیب حکومت کومفلوج کررہاہے،نئے الیکشن کے بعد نیشنل ڈائیلاگ کرناچاہییں،عدلیہ کا رول طے کرناہوگا‘‘پراپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم اپنی ناکامیاں کابوجھ اداروں پر مت گرائیں۔حکومت نے اگر واقعی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیاہوتاتوآج صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے پانچ برسوں میں عوام کومسائل کے سواکچھ نہیں دیا۔قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔عوام کو دووقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔صنعتیں تباہ وبربادہوگئی ہیں۔عوام کو صاف پانی تک میسر نہیں۔امن وامان کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہوچکی ہے۔قتل وغارت اور جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔غرض ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص متاثرہوا ہے اور لوگوں کاکوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے2013ء کے انتخابی منشور میں جوجووعدے اور دعوے کیے تھے وہ سب ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی صفائیاں دینے کے بجائے حقائق پر مبنی اعدادوشمار پرحکومتی کارکردگی کو قوم کے سامنے رکھیں۔انہوں نے کہاکہ2018ء کے انتخابات میں ملک وقوم کومتحدہ مجلس عمل جیسی صالح،باکردار قیادت کی ضرورت ہے جوحقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود اورملکی سلامتی اور تحفظ کویقینی بنائے ۔ایم ایم اے کامیاب ہوکر ملک وقوم کی خدمت کرے گی۔پاکستان کے 20کروڑ عوام نے سیکولر اورلبرلز دونوں کوآزمالیا ہے۔اب اسلام کے نام لیواؤں کی باری ہے۔ہم ان شاء اللہ ملک وقوم کومایوس نہیں کریں گے۔دینی جماعتوں کا اتحاد ملکی سلامتی کا ضامن ہے۔