جڑواں شہروں میں پانی کی قلت، قوم استغفارکرے

110

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل و جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی سربراہ شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ راولپنڈی واسلام آبا د کے جڑواں شہروں میں پانی کی شدید قلت جہاں حکمرانوں کی بدترین بدانتظامی ،نااہلی اورکرپشن کی وجہ سے ہے وہیں ہم عوام کی بداعمالیوں اورگناہوں کی کثرت کا نتیجہ بھی ہے، قوم کثرت سے استغفارکرے اور رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں اپنے اللہ کوراضی کرتے ہوئے آئندہ کیلیے عزم کرلے کہ انتخابات میں بیلٹ کی قوت دیانتداراورعوام کے مسائل کا درد رکھنے والی قیادت کے پلڑے میں ڈالے گی۔ متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں سمیت کسی مذہبی جماعت کے قائد پر کرپشن کا کوئی داغ ہے، ان کا نام کسی لیکس میں ہے اورنہ ہی ان پرکسی عدالت میں کیسز چل رہے ہیں۔ قوم ایم ایم اے پراعتماد کرے ان شاء اللہ اتحاد اورعوامی قوت سے کرپٹ مافیا کو شکست دے کردوسری نہیں بلکہ متبادل قوت بن کرسامنے آئیں گے ،ہماری منزل اسلام کے نام پر بننے والی مملکت خداداد میں نظام مصطفی ﷺ کا قیام ہے ۔ شہیدممتازقادری کے قاتل آج دربدررسوا ہورہے ہیں ان کا زوال اسی وقت شروع ہوگیا تھا جب انہوں نے ایک عاشق رسول کوپھانسی دینے کیلیے اقدامات کا آغاز کیا تھا ۔ اپنی رہائش گاہ پرمختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے، عوام قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کریں ۔