فاٹا انضمام بل اور خدشات

406

فاٹا انضمام بل پاکستان کے تقریباً تمام بڑے ایوانوں سے منظور ہو گیا ہے۔ اب صرف اس پر بھرپور قانون سازی کی ضرورت ہے جس پر اب نئی قانون ساز اسمبلیاں کام کریں گی۔ یہ انضمام پاکستان کے حق میں کتنا اچھا اور افغانستان کے حق میں کتنا برا یا بہتر ہے اس بات کو تو آنے والا وقت ہی بتا سکے گا لیکن مجھے لگتا ہے پاکستان کی سیاست اور ریاست، دونوں کے لیے کچھ نئی کہانیاں اور مشکلات کا باعث ضرور بنے گا۔ یہاں سوچنے کی بات یہ ہے جو علاقے 70 برس سے پاکستان میں ہوتے ہوئے بھی باقاعدہ پاکستان میں شامل نہیں تھے تو اس کی پس پشت پر یقیناًبہت گہری وجوہ رہی ہوں گی اور اب جو قدم دو تہائی صدی سے زیادہ گزرنے بعد عین اس وقت اٹھایا جارہا جب موجودہ حکومت کے ختم ہونے میں ایک ہفتہ بھی نہیں بچا تو کیا اس کے نتائج مستقبل میں اتنے ہی خوش کن ہوں گے جتنے کی توقع کی جارہی ہے؟۔
آج سے تقریباً پانچ چھ سال قبل کا وہ وقت بھی مجھے یاد ہے جب صوبہ سرحد کا نام خیبر پختون خوا رکھا گیا تھا۔ کراچی سے خیبر تک جہاں جہاں پختون آباد تھے وہاں وہاں کئی کئی دن تک جشن منایا گیا تھا لیکن مجھے ایسا منظر فاٹا انضمام کے فیصلے کے بعد پاکستان میں کسی مقام پر نظر نہیں آیا جب کہ پاکستان اور خصوصاً کراچی میں ایک بہت بڑی تعداد پختونوں اور پختون قبائلیوں کی آباد ہے۔ یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ فاٹا کو پاکستان میں ضم کرنے کا سب سے زیادہ مطالبہ کے پی کے کی جانب سے کیا گیا تھا اور پھر ان کا یہ مطالبہ پاکستان میں موجود ہر کمیونٹی نے اپنا مطالبہ بنا کر سارے بڑے ایوانوں سے بھاری اکثریت سے منظور بھی کرالیا لیکن اس کے باوجود پورے پاکستان میں کہیں بھی جشن کا وہ سما دیکھنے میں نہیں آیا جو صوبہ سرحد کو خیبر پختون خواہ کا نام دیے جانے پر دیکھنے میں آیا تھا اور خاص طور سے پختون برادری کی جانب سے تو ذرہ برابر بھی کسی خوشی کا کوئی اظہار کیا ہی نہیں گیا۔ یہ سب کچھ اس بات کی جانب اشارہ کر رہے ہیں کہ اس انضمام کو عوامی نمائندوں میں تو ضرور مقبولیت حاصل رہی ہوگی لیکن اگر اس کو عوامی امنگوں کا ترجمان کہا جارہا ہے تو شاید یہ بات درست نہیں۔
یہ وہ علاقے ہیں جن کو پاکستان کے بانی، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسی طرح آزاد و خود مختار قرا دیا تھا اور ان علاقوں اور ان میں آباد جوانوں کو پاکستان کے محافظوں کا نام دیا تھا۔ 70 سال کے بعد ان کو باقاعدہ پاکستان کے آئین و قانون کے تابع بنائے جانے کا یہ اقدام کیوں اٹھانا پڑا اس کا جواب یا تو وقت دے گا، یا انضمام کے حق پر سب کو ایک پلیٹ فارم پر لانے والی قوت دے گی یا پھر تاریخ ہی اس کا فیصلہ کرے گی لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ خوش کن قدم پاکستان کی سیاست اور ریاست کے لیے کئی تنازعات اور الجھاؤ میں اضافے کا سبب ضرور بنے گا جس کا آغاز کل کے مظاہروں کی صورت میں سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ بظاہر یہ سب کچھ پاکستان کے عوام کی امنگوں ہی کا مظہر نظر آرہا ہے کیوں کہ یہ پاکستان کے منتخب نمائندوں کی واضح اکثریت نے بنا کسی ’’دباؤ‘‘ قبول کیا ہے لیکن کیا یہ عجیب بات نہیں کہ اس میں فاٹا کے عوام کی رائے کا کوئی عمل دخل نہیں۔ کہا جاسکتا ہے کہ فاٹا کے سارے نمائندے اس میں شریک تھے تو کیا یہ مان لیا جائے کہ وہ ان کے حقیقی نمائندے تھے؟۔ جو علاقے پاکستان کے قانون کے دائرے ہی میں نہیں ہیں ان علاقوں کے چنے ہوئے افراد کو کس طرح شفافیت کا درجہ دیا جا سکتا ہے؟، یہ بات عقل و فہم سے دور کی بات لگتی ہے اور جب ان کا چناؤ ہی آلودہ ہو تو پھر ان کی جو بھی رائے ہو اس کو کس طرح حق اور سچ سمجھا جا سکتا ہے۔
معلوم نہیں کیوں پاکستان نے فاٹا میں استصواب رائے سے اجتناب کیا؟۔ کیا عوام سے رائے لینا غلط ہے؟، اگر غلط ہے کہ تو پورے پاکستان میں عام انتخابات کس لیے کرائے جا تے ہیں؟۔ کیا وہاں کے افراد پر اعتبار نہیں کہ وہ پاکستان کے حق میں اپنی رائے استعمال کریں گے؟۔ دنیا بھر میں اس قسم کے سارے فیصلے استصواب رائے کے بعد ہی کیے جاتے ہیں۔ کیا پاکستان کے وجود میں آنے کا سبب بھی استصواب رائے ہی نہیں تھا؟۔ کیا دیگر بہت سارے علاقے، ریاستیں جو برطانیہ کی حکومت سے باہر نکل آئے وہاں استصواب رائے کا عمل دخل نہیں تھا؟۔ اگر پاکستان اپنے ہی علاقہ مکینوں سے استصواب رائے طلب کرنے سے گریز کرتا ہے تو پھر مقبوضہ کشمیر میں ’’حق رائے دہی‘‘ کا پاکستان کا مطالبہ کیوں کر وزنی ثابت ہو سکتا ہے؟۔ رہی یہ بات کہ پاکستان کی اسمبلیوں نے اس کی منظوری دیدی ہے کہ تو کیا 2018 کے بعد اگر ایسی حکومت بن گئی اور خاص طور سے خیبر پختون خوا کی حکومت، جو اس انضمام کے خلاف ہو تو کیا اس بل پر مزید قانون سازی کا عمل آگے بڑھ سکے گا؟۔ یہاں تھوڑا سا اس بات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے کہ فاٹا کے علاقوں کا پس منظر ہے کیا اور یہ آزادی سے پہلے اور پاکستان بننے کے بعد 70 سال تک کس قانون کے تحت ’’ازاد‘‘ ہی رہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ تقسیم ہند کے بعد بہت سارے علاقے خوامخوا آزاد یا متنازع رہے ہوں اور تاحال وہ تنازعات کا شکار ہی ہوں۔ ان آزاد اور متنازع علاقوں کی بھی کچھ نہ کچھ وجوہ ہوں گی اور یقیناًاس میں کسی نہ کسی قانون یا معاہدات کا عمل دخل ہوگا۔ فاٹا بھی اگر آزاد قبائلی علاقوں کے نام سے موسوم رہا ہے تو وہ بھی بلاجواز تو نہیں رہا ہوگا۔ اگر اس کے پیچھے کچھ رکاوٹیں یا الجھنیں تھیں جو اب تک انضمام میں مانع تھیں تو پھر پہلے ان الجھنوں سے اپنے آپ کو الگ کرنا میرے نزدیک سارے فیصلوں سے پہلے ضروری تھا۔ نیز یہ کہ اگر یہ علاقے قانونی طور پر پاکستان ہی کا حصہ تھے تو پھر اسمبلیوں سے کسی بھی قسم کا بل منظور کرانا ضروری کیوں سمجھا گیا؟۔ پاکستان میں تو اور بھی آزاد ریاستیں تھیں جن میں ریاست بہاولپور اور کالاباغ جیسے علاقے بھی شامل تھے، کیا ان کے لیے بھی بل کی ضرورت پڑی؟، یہ علاقے اپنی مرضی و منشا سے پاکستان میں شامل ہوئے تو پھر ان قبائلی علاقوں نے پاکستان میں از خود شمولیت اختیار کیوں نہیں کی؟۔ یہ اور اسی طرح کے بہت سارے سوالات ہیں جو تاحال تشنہ لبی کا شکار ہیں اور یہی تشنہ لبی آنے والے دنوں میں پاکستان کے لیے کئی مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔
تاریخ بتاتی ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے یا فاٹا کی تاحال قانونی حیثیت کے ریشے آج سے 139 برس قبل 26 مئی 1879 کے گندمک معاہدے سے جاملتے ہیں۔ جسے افغانستان میں ’د گندمک تڑون‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پہلی افغان ۔ انگریز جنگ (1839 ۔ 1842) میں شکست کے بعد درہ خیبر اور کوئٹہ کے راستے افغانستان پر دوبارہ چڑھائی کرنے کے بعد برطانوی راج نے کابل کے حکمران شاہ محمد یعقوب خان کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کے تحت افغانستان پر تو ان کی حکمرانی تسلیم کر لی گئی تاہم کئی سرحدی علاقے افغانستان کے کنٹرول سے چلے گئے۔ افغان تجزیہ نگار محمد عاشق اللہ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اسی ’د گندمک تڑون‘ کے تسلسل میں برطانوی راج نے سابقہ شمال مغربی سرحدی صوبے NWFP بشمول میانوالی اور اٹک اور قبائلی علاقے کا کنٹرول افغانستان سے ضبط کر لیا تھا: ’’اس سند کے مطابق ہی 1893 میں ڈیورنڈ لائن کھینچی گئی اور متحد ہندوستان سے برطانیہ کے انخلا کے بعد اور پاکستان کے قیام کے بعد افغانستان میں کمزور حکومت کے باعث یہ ایک بارڈر کے طور پر موجود رہی اور اس کے قریبی علاقے فاٹا دیگر پاکستان کے برعکس ایک خاص حیثیت میں رہے جبکہ وہاں سے قبائلی عمائدین، طلبہ اور تاجر آزادانہ طور پر افغانستان آتے جاتے رہے۔‘‘ شمالی علاقہ جات کے انضمام کے فیصلے پر کابل میں ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ: ’’ڈیورنڈ لائن کے ساتھ واقع علاقوں کی سیاسی حیثیت میں یک طرفہ تبدیلی کے حوالے سے پاکستانی حکام کو اپنی تشویش سے بارہا آگاہ کیا گیا ہے۔ افغان ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان مشاورت کے بغیر ان علاقوں کی سیاسی اور فوجی حیثیت میں کسی بھی قسم کی تبدیلی برٹش انڈیا اور افغانستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں نے ملک کے قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبر پختون خوا میں ضم کرنے کا بل بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ہے‘‘۔ افغانستان کا استدلال اپنی جگہ تاہم پاکستان نے فاٹا انضمام سے متعلق افغانستان کا اعترض مسترد کردیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختون خوا میں ضم کرنے کا فیصلہ عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے فیصلے میں عدم مداخلت پر یقین رکھتا ہے جب کہ افغانستان کا عدم مداخلت کے اصولوں پر عمل نہ کر نا نہایت افسوس ناک ہے۔ تمنا تو یہی ہے کہ اٹھایا گیا قدم پاکستان کے لیے خوش کن ثابت ہو لیکن جو قوم کالاباغ ڈیم بنانے کے مسئلے کو دینی اور شرعی مسئلہ بنا دیتی ہے اس سے کسی اچھائی کی توقع رکھنا مجذوب کی بڑکے سوا اور کچھ نہیں۔