الیکشن کاماحول نہیں بن رہا‘ لوگوں کو حلقوں کاہی نہیں پتا‘ شیخ رشید 

130

راولپنڈی (آئی این پی )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ الیکشن کاماحول نہیں بن رہاکیونکہ لوگوں کو حلقوں کاہی پتا نہیں،ملک کی اقتصادی صورتحال خطرناک ہے، بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوتے گئے تو قسطوں کی ادائیگی جان لیواثابت ہوگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈہوک نجو میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی ہیں، نہ حلقہ بندی، ووٹرلسٹ ہے نہ پریزائیڈنگ افسر اور پھر بھی اصرار ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نیواسلام آباد ائرپورٹ بناکر لوگوں کو فضائی سہولتوں سے محروم کردیاگیا،شہرمیں اسپتال، کالج اورنہ ہی میٹروبس سروس بنائی گئی، شہرمیں پانی اوربجلی نہ ہونے سے لوگ بلبلا رہے ہیں۔شیخ رشیدنے کہاکہ ن لیگیوں نے اپنے اقتدار کے آخری ہفتے میں نامکمل منصوبوں پر افتتاحی تختیاں لگاکر عوام کودھوکا دینے کی کوشش کی لیکن اب لوگ بڑے باشعور ہیں اور اپنے ووٹ کے ذریعے انہیں شکست سے دوچار کریں گے۔