سیکولر امریکا نواز حکمرانوں کی بالا دستی قبول نہیں کریں گے، مشتاق خان

114

پشاور (وقائع نگار خصوصی) ایم ایم کے صدر مولانا گل نصیب خان کی قیادت میں وفد نے المرکز الاسلامی میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان سے ملاقات کی۔ وفد میں متحدہ مجلس عمل کے نائب صدور حاجی محمد فیاض خان اور فضل الرحمن مدنی اور سیکرٹری مالیات مفتی کفایت اللہ شامل تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع اورمتحدہ مجلس عمل کے نائب صدر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل بھی شریک تھے۔ وفد نے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ان سے متحدہ مجلس عمل میں عہدہ قبول کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے فورم پر آپ کی صلاحیتوں کو استعمال میں لانے اور ان سے استفادہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کے اہداف کے حصول اور اسے ایک مقبول عام جماعت بنانے اور 2018ء کے انتخاب کے چیلنج کا کامیابی سے جواب دینے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ ہمارے ساتھ متحدہ مجلس عمل کی اس تنظیم کے صوبائی کابینہ کے ایک رکن ہوں۔ اس لیے ہم جرگے کے طور پر آپ کے پاس اس درخواست کے ساتھ آئے ہیں کہ اعلیٰ تر مقاصد کے حصول کے لیے آپ متحدہ مجلس عمل کی صوبائی تنظیم کا حصہ بن جائیں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے المرکزالاسلامی آمد پر وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا اور جرگہ کی درخواست قبول کرتے ہوئے صوبائی کابینہ میں ذمہ داری لینے پر آمادگی ظاہر کی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ایک قوت کا نام ہے، ہم باہمی اتحاد و اتفاق سے کام کریں گے۔ ہمارے لیے اصل چیلنج 2018 ء کے انتخابات میں کامیابی ہے ۔ ہم نے سیکولر امریکا نواز حکمرانوں کی بالادستی پہلے قبول کی ہے نہ آئندہ کریں گے۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم پاکستان کو اسلامی، فلاحی اور ترقیافتہ ریاست بنائیں گے۔ امریکا اور مغربی طاقتیں پاکستان میں مسلکوں کی بنیاد پر تقسیم کو فروغ دے کر نفرتیں پھیلانے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان سازشوں کا مقابلہ متحد ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال گزر گئے لیکن ایک دن کے لیے ہم نے پاکستان میں اسلامی نظام نہیں دیکھا۔ قائد اعظم کی قیادت میں لاکھوں مسلمانوں نے پاکستان کے لیے تاریخ ساز قربانیاں ان سیکولر اور کرپٹ حکمرانوں کے لیے نہیں دی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں ظلم و جبر اور کرپشن کیخلاف لڑرہے ہیں۔ ہماری لڑائی افراد یا خاندانوں کے ساتھ نہیں۔ ہم عام پاکستانی کے لیے اقتدار کے ایوانوں کے دروازے کھولنا چاہتے ہیں۔ عوام اب اسلام، پاکستان اور ملکی ترقی کے لیے ووٹ کا استعمال کریں۔ متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدر مولانا گل نصیب خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دینی جماعتیں مل کر پاکستان میں اسلامی نظام رائج کرسکتی ہیں۔ ہمارے اتحاد سے دین بیزار سیاسی جماعتوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ اتحاد و اتفاق کی اسی فضا کو برقرار رکھنے اور سیکولر قوتوں کو شکست دینے کے لیے عوام متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہ مجلس عمل کی صفوں میں کوئی لینڈ مافیا ، شوگر مافیا اور ڈر گ مافیا نہیں ہے اور نہ آف شور کمپنیوں والے ہیں۔ متحدہ مجلس عمل عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور خیبر پختونخوا میں حکومت قائم کرے گی۔