اسمبلیوں میں بیٹھے جاگیردار اور مل اونرز اربوں روپے کے نادہندہ ہیں

156

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے محکمہ سوئی گیس کی طرف سے بلوں کی اقساط بند کرنے اور پہلے بل کی عدم ادائیگی پر میٹر اتارنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ گیس کو اربوں روپے کی چوری کرنے والے بڑے مگر مچھوں کیخلاف کارروائی کی ہمت نہیں اور نہ ہی کوئی اہلکار ان کیخلاف زبان کھولنے کے لیے تیار ہے، اگر کوئی چور پکڑا جاتا ہے تو وہ کروڑوں روپے کی چوری کے بعد چند لاکھ رشوت دے کر پاک صاف ہوجاتا ہے مگر غریب گھریلو صارفین پر دباؤ بڑھا کر انہیں تنگ کیا جارہا ہے۔ اسمبلیوں میں بیٹھنے والے جاگیردار اور مل اونرز اربوں کے نادہندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گیس و بجلی کی چوری عوام کے کھاتے میں ڈال کر ہر سال اربوں روپے عوام سے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اس چوری کا سدباب کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ چوری کے وہ کروڑوں روپے ان غریبوں کے کھاتے میں ڈال دیے جاتے ہیں جو اپنے گھریلو بل بھی ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ڈس کنکشن فیس کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے۔ محکمے میں بیٹھے ہوئے کمیشن مافیا نے ہر سطح پر کمیشن اور کرپشن کے کلچر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غریب عوام کو اقساط کی سہولت فوری طور پر بحال کی جائے اور ڈس کنکشن اسٹاف کو ہدایت کی جائے کہ کم از کم پہلی عدم ادائیگی پر صارفین کے میٹر نہ اتارے جائیں۔