ایم ایم اے اقتدار میں آکر انصاف کا نظام رائج کرے گی

109

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوارا ین اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو جیالوں اور متوالوں کے بجائے رکھوالوں کی ضرورت ہے۔ ایم ایم اے اقتدار میں آکر انصاف کا نظام رائج کرے گی۔ چوروں، لٹیروں اور ملکی دولت کو شیر مادر سمجھ کر ہڑپ کرنے والے حکمرانوں کا سر عام احتساب ہوگا۔ عوام کو روزگار، انصاف، تعلیم اور امن فراہم کرے گی، پا نچ سال تک برسراقتدار رہنے والوں نے عوام کے لیے تو کچھ نہیں کیا۔ قوم کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرسکے۔ صالح اور دیانت دار قیادت ہی عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک پور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانچ برس تک اہم پوسٹوں پر جیالوں اور متوالوں کو تعینات کیا جاتا رہا ہے۔ پوری قوم نام نہاد جمہوریت کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ قوم ملکی سرمایہ لوٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے والے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ 70 برس سے ملک وقوم کو جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ مفاد پرست طبقے کے برسراقتدار رہنے سے ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے میں شامل تمام دینی جماعتوں کے قائدین میں سے کسی ایک کا نام بھی پاناما لیکس، دبئی لیکس، پیراڈائز لیکس اور قرضے معاف کرانے والوں میں شامل نہیں ہے۔ عام انتخابات میں پاکستانی عوام متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر یہ ثابت کردے گی کہ پاکستان کو سیکولر اسٹیٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اگر بیس کروڑ عوام نے تمام تر وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے نمائندے منتخب نہ کیے تو یہی کرپٹ اور امریکی غلام ٹولہ پھر اقتدار پر قابض ہوجائے گا۔ عوام ان چہروں کو پہچانیں اور اپنے ووٹ سے باصلاحیت، باکردار اور صالح افراد کو منتخب کریں۔