جماعت اسلامی کے امیدوار راولپنڈی اور کینٹ سے کاغذات جمع کروائیں گے

287

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ کی تین قومی اور6 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جماعت اسلامی کے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔تاہم متحدہ مجلس عمل کے ضلعی اور صوبائی پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزضلعی سیکرٹریٹ سید مودودیؒ بلڈنگ میں زونل اُمرا اور پارلیمانی گروپ لیڈروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں ٗ اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور تازہ ترین سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں کے نتیجے میں صوبائی حلقوں میں تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔ جن کے پیش نظر امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد نے راولپنڈی شہر اور کینٹ میں نئی حلقہ بندیوں کے مطابق زونل اُ مرا کا عارضی تقرر کیا ہے ۔ جس کے مطابق جماعت اسلامی پی پی 11 کے عارضی امیر حاجی یار محمد ٗ پی پی 14 کے عارضی امیر انجینئر ثاقب رؤف ٗپی پی 15 کے عارضی امیر چودھری ظفر یاسین ٗ پی پی 16 کے عارضی امیر سید ارشد فاروق ٗ پی پی 17 کے عارضی امیر قاضی محمد ظہیر اور پی پی 18 کے عارضی امیر محمد شبیر میر ہوں گے۔ اس موقع پر تمام زونل اُمرا نے حلف اُٹھا کر اپنی نئی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔اجلاس میں نئے زونل اُمرا کی استقامت کے لیے دُعا بھی کی گئی۔