مستونگ: ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 اہلکار شہید

197

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق پیر کو افطار کے وقت مستونگ سے تقریباً 20 کلومیٹر دور کھڈکوچہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ایف سی کی عزیز چیک پوسٹ کے قریب زوردار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کو نقصان پہنچا اور وہاں موجودایف سی کے 3 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کے زخمیوں کو مستونگ کے نواب غوث بخش میموریل
اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہید اہلکاروں میں صوبیدار منیر جان، سپاہی احمد جان اور سپاہی پرویز شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی شناخت سپاہی ناصر اور سپاہی ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔