ملکی مفاد میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہوں ، نواز شریف

173

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے پاکستان کے مفاد اور آئین کی بالادستی کے لیے بے شمار مشکلات کا سامنا کر رہا ہوں،ن لیگ کی حکومت نے ملک میں بجلی بحران کو ختم کیا، اچھی خاصی بجلی سسٹم پر چھوڑ کر گئے تھے ،سب ٹھیک ٹھاک تھا،اب لوڈشیڈنگ کا سوال نگراں حکومت سے کیا جائے۔ اسلام آباد میں فاٹا یوتھ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام آئین پاکستان بننے کے بعد سب سے بڑا کارنامہ ہے، اس فیصلے کے بعد فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آئے گا، میری خواہش ہے 25 جولائی کو فاٹا
میں بھی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوجائیں تاہم امید ہے آپ حالیہ بلوچستان اسمبلی ارکان والا کردار ادا نہیں کریں گے، آپ یقیناًایسا کردار ادا کریں گے جو پورے پاکستان کے لیے باعث تقلید ہو جبکہ فاٹا کے اراکین صوبائی اسمبلی کے پی کے اسمبلی میں پیکج پر عملدرآمد کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔اب قبائلی علاقوں میں بھی ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگنا چاہیے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت نہ دینے سے خطے کے کئی ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے، بنگلا دیش بھی آج ہم سے معاشی ترقی، تعلیم اور صنعت سمیت ہر شعبے میں آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پری پول دھاندلی کی رپورٹس دے رہا ہے، بین الاقوامی میڈیا ان انتخابات کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا رہا ہے تاہم پاکستان کے مفاد اور آئین کی بالادستی کے لیے بے شمار مشکلات کا سامنا کر رہا ہوں۔علاوہ ازیں احتساب عدالت میں کیس کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کا سوال نگراں حکومت سے کیا جائے ہماری حکومت تو وافر بجلی چھوڑ کر آئی تھی ہمارے دور میں طلب اور رسد دونوں زیادہ ہونے کے باوجود بجلی کی لوڈشیدنگ میں کمی آئی تھی ہمارے دور میں کے پی کے، سندھ اور پنجاب میں موٹر ویز بنی ہیں، حیدر آباد سکھر موٹروے بنی ہے، سندھ میں سڑکیں بنائی گئی ہیں اور متعدد منصوبے مجھے اقتدارسے ہٹائے جانے کے باعث تاخیر کا شکار ہوئے ۔انہوں نے کہا ہمارے دور میں لواری ٹنل بنی یہاں پہلے 6 ماہ راستہ بند رہتا تھا اب سارا سال راستہ کھلا رہتا ہے اور لوگ ہر موسم میں بھی سفر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا اس وقت کیس کی پیشیاں بھگت رہا ہوں فرصت ہوتی تو وہ ان کو ساتھ لے کر جاتے اور انہیں اپنے دور میں بچھائی جانے والی سڑکوں کا جال دکھاتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا اور بجلی سسٹم میں شامل کی اور اس وقت جو بھی صورت حال ہے اس کی ذمے داری نگراں حکومت پر ہے اور اسی سے سوال کیا جائے تو بہتر ہوگا۔