عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں

115

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک میں غریبوں، ناداروں اور مستحقین کی تعداد کروڑوں میں ہے، جنہیں تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں، ان سب کی ضرورتوں کو پورا کرنا حکومت وقت کا کام ہے لیکن حکومتیں ہمیشہ اپنا فرض اداکرنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں، مستحقین، ناداروں اور غریبوں کو کسی کا محتاج بنانے کے بجائے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہیں۔ بچوں سمیت نہروں میں چھلانگیں لگانے والی ماؤں کی خود کشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات ملک میں حالات کی سنگینی اور حکمرانوں سے ناامیدی اور مایوسی کے آئینہ دار ہیں۔ جب تک حکمران خود کو عوام کے خادم اور اللہ کے ہاں جوابدہ نہیں سمجھیں گے، حالات میں بہتری نہیں آ سکتی۔ دیانتدار لوگوں کے بجائے کرپٹ اور نااہل قیادت کو منتخب کیا جائے گا توبے حیائی، بدامنی، بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 114 میں رمضان راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زونل امیر زبیر لطیف، ضلعی جنرل سیکرٹری رانا وسیم احمد، چودھری نوید اسلم، حاجی محمد حنیف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سردار ظفر نے کہا کہ پاکستان گمبھیر مسائل سے دو چار ہے، عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بدل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کرلیتے ہیں جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان ٹولوں کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے، جب تک دولت چند ہاتھوں میں گھومتی رہے گی، غریب لوگ روٹی کے لقمے کو ترستے اور خود کشیاں کرتے رہیں گے۔