ملکوں کی ترقی کاد ارومدار عدل و انصاف پر ہوتا ہے ،چودھری ظفر یاسین

151

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 15سے امیدوارچودھری ظفر یاسین نے کہا ہے کہ ملکوں کی ترقی کاد ارومدار عدل و انصاف پر ہوتا ہے یہ صرف اور صرف اسلامی نظام ہی مہیا کر سکتا ہے جب تک اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ نہیں ہوتا اس وقت تک انسان کو انصاف نہیں مل سکتا۔ آج تک پاکستان میں جتنی بھی حکومتیں آئیں مزدوروں غریبوں اور عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ان حکومتی لوگوں نے ملک کو دنوں ہاتھوں سے لوٹا، اسلام کے نظام نے پہلے بھی غریبوں بے کسوں کوعروج دیا تھا ان شاء اللہ ملک میں اسلامی نظام کی برکتوں سے مزدور کو اس کاپسینہ خشک ہونے سے قبل اس کی مزدوری دہلیز پر ملے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ریلوے اسٹیشن پر مزدوروں کے ایک بڑے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپریم یونین کے ڈویثرنل صدرڈاکٹر اشتیاق عرفان، چودھری عبدالغفور، سید ظہور شاہ، رمضان شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ افطار ڈنر میں مزدوروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پرپریم یونین کے ڈویثرنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے درس قرآن میں رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہے کہا کہ رمضان مسلمانوں کیلیے تحفہ ہے۔قیام پاکستان کا عمل رمضان المبارک میں ہوا،رمضان کی برکت، قرآن پاک اور پاکستان کی سا لمیت کو قیامت تک کو ئی خطرہ نہیں، قرآن پاک پیس بُک ہے جو چودہ صدیوں سے انسانیت کی رہنمائی کر رہی ہے مسلمانوں کو نبی پاک ﷺ کی تعلیمات سے روشنی اور رہنمائی حاصل کرکے زندگی کی تاریک شب کی سحر تلاش کرنی چاہیے رمضان المبارک مسلمانوں کیلیے تحفہ ہے اس مبارک ماہ میں عبادت عام دنوں سے کئی گنا ثواب کا باعث اور بخشش کا ذریعہ ہے، رمضان المبارک ہمیں صبر و تحمل کا درس دیتا ہے پاکستان کا قیام رمضان اور قرآن کا فیضان ہے ۔جماعت اسلامی حلقہ پی پی 15سے امیدوارچودھری ظفر یاسین نے مزدوروں سے اپیل کی کہ آپ اپنا قیمتی ووٹ اسلامی نظام کے نفاذ کیلیے متحدی مجلس عمل کے امیدواروں کو دیں تاکہ ہم آپ کے حقوق کی جنگ لڑ کر حقوق دلا سکیں۔