پشاور کے عوام نے ہمیشہ اسلام پسند قوتوں کا ساتھ دیا ہے،صابرحسین اعوان

152

پشاور (وقائع نگار خصوصی)صدر متحدہ مجلس عمل پشاور و امیدوار این اے 28 صابرحسین اعوان نے این اے 28 پشاور کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی و صدر ایم ایم اے صابرحسین اعوان ایک بڑے جلوس کی شکل میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے کچہری روم نمبر 11 آئے اور کارکنان کے ہمراہ کاغذات جمع کرائے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے صدر متحدہ مجلس عمل پشاور صابرحسین اعوان نے کہا کہ پشاور کے عوام نے ہمیشہ اسلام پسند قوتوں کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی پشاور دینی قوتوں کا مضبوط گڑھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ2018ء کے عام انتخابات میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور پورے ملک میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔لادینی قوتوں سے نجات کے لیے قوم کو اسلام پسند اور محب وطن لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے۔ملکی تعمیر وترقی میں تمام افراد اور اداروں کو اپنا مثبت کردار اداکرناہوگا۔عوام نے جمہوری تسلسل کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔جو لوگ ملک میں غیر جمہوری قوتوں کے لیے راہ ہموار کرناچاہتے ہیں وہ ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔ہمیں دانشمندانہ فیصلے کرنے ہوں گا۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام متحدہ مجلس عمل کی دیانتدار،باکردار اور جرأت مند قیادت کو کامیاب کرائیں۔عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا حل متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے۔سیکولر اور لبرلزجماعتوں نے ملک وقوم کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا،اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔