الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرینگے، محمود اچکزئی

179

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن غلط حلقہ بندیوں پر ڈٹا ہوا ہے۔ عدالتی احکامات کے مطابق کوئٹہ کی حلقہ بندیاں درست نہ کر نے پرالیکشن کیخلاف توہین عدالت کا کیس دائر کریں گے اور احتجاج کریں گے۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ غلط حلقہ بندیاں کر کے پشتونوں کو حق نمائندگی سے محروم رکھنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ کی 8 حلقہ بندیاں کالعدم قرار دیکر ازسر نو حلقہ بندیاں کرانے کا حکم دیا۔ عدالت عظمیٰ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا مگر الیکشن کمیشن نے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے صوبہ بلوچستان
بنا ہے بعض قوتیں پختونوں کی واضح اکثریت کم کرنا چاہتی ہیں۔ انتخابات میں مداخلت کے باعث ماضی میں 2 مرتبہ ملک کو نقصان پہنچ چکا اب بھی اگر انتخابات میں مداخلت کی گئی تو گلی محلوں میں لڑائی جھگڑے ہوں گے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ملکی سطح پر ایک گریٹ ڈیبیٹ کا آغاز کیا جائے جس میں جرنیل ،ججز،سیاست دان اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں، اب بھی وقت ہے آئین کے دائرے میں رہ کر معاملات حل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو اچھا لگے یا برا ، نوازشریف اس وقت ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں نوازشریف کے سوا کوئی ایسا مقبول لیڈر نہیں جو ملک کو چلاسکے اور بچا سکے۔