ملکی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کا کردار نہایت اہم ہے

93

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا منشور ملکی ترقی و خوشحالی اور عالمی برادری میں پاکستان کے عزت و وقار کا ضامن ہوگا۔ ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ اور آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات کا تحفظ ہمارے منشور کی پہلی ترجیح ہے۔ باوقار اور آزاد خارجہ پالیسی اور تمام ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کریں گے۔ تعلیم اور علاج کی سہولتیں سب کے لیے یکساں ہوں گی۔ تعلیم اور علاج کی سہولتیں سب کے لیے یکساں ہوں گی۔ اتفاق رائے سے نئے ڈیموں کی تعمیر کریں گے اور بجلی کی ترسیل کا مؤثر نظام بنایا جائے گا اور بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا مؤثر تدارک کیا جائے گا۔ سی پیک سے مقامی آبادی کے لیے روزگار مہیا کیا جائے گا۔ چھوٹی صنعتوں اور دستکاریوں کا اجرا ہوگا اور قومی صنعتوں کو بحال کیا جائے گا۔ ملکی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ایم ایم اے اوورسیز پاکستانیوں کے بھجوائے گئے زرمبادلہ کی حفاظت کرے گی، ان کو ووٹ کا حق دیا جائے گا اور بیرون ملک درپیش مسائل کے حل کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ایم ایم اے اقلیتوں کو مکمل تحفظ دے گی۔ ان کے لیے تعلیم، علاج، روزگار اور شرعی حقوق کے تحفظ کا پورا خیال رکھا جائے گا اور اقلیتوں کی عبادت گاہو ں کے احترام اور تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 38 ایف کے مطابق ملک سے سود اور سودی معیشت کا خاتمہ کرکے زکوٰۃ اور عشر کا پاکیزہ معاشی نظام قائم کیا جائے گا۔ بااختیار عدلیہ اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے، انصاف سب کے لیے کے نعرے کو عملی جامہ پہنائیں گے اور غریب اور امیر کے لیے ایک قانون ہوگا۔