قوم کوعالمی اداروں کی غلامی سے نجات دلائیں گے،سردار ظفر حسین

187

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے راہنما اور امیدواراین اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کو موقع ملاتو اللہ اور اس کے رسولؐ کے نظام کے تابع معاشی پالیسیاں مرتب کریں گے۔غیر ملکی دباؤ پر بننے والی پالیسیاں غلامی کی زنجیرہیں۔قوم کوعالمی اداروں کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ اللہ اوراس کے رسولؐکو راضی کرنے کے لیے سودی نظام کاخاتمہ کیاجائے گا۔اس نظام نے ملک وقوم کوغیروں کا محتاج بنا دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلام محمد آباد میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار ظفر نے کہا کہ پا نچ برس میں ملکی قرضے دوگنا اور معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا گیا ہے۔عوام کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں ۔ ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں رہاہے جو منافع بخش ہو۔میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانچ برس تک اہم پوسٹوں پر جیالوں اور متوالوں کو تعینات کیا جاتا رہا ہے،پوری قوم نام نہاد جمہوریت کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ قوم ملکی سرمایہ لوٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے والے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کر دے گی۔انہوں نے کہا ملک میں کرپشن لوٹ مار ،دھونس دھاندلی، بھتا خوری ،بور ی بند لاشیں، مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اور اقرباء پروری کوفروغ ملا ۔مہنگائی ،بے روز گاری اور کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے۔ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں ملک وقوم کومتحدہ مجلس عمل جیسی صالح ، باکردار قیادت کی ضرورت ہے جوحقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود اورملکی سلامتی اور تحفظ کویقینی بنائے ۔ ایم ایم اے مرکزسمیت تمام صوبوں میں بھی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور اس ملک کو اندھیروں اور مایوسیوں سے نکال کر پائیدار ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔