عیدالفطر پر بزرگ شہری ریل میں مفت سفر کر سکیں گے۔

295

عیدالفطر کے ابتدائی 2 دن بزرگ شہری ریل کے تمام درجوں میں مفت سفر کا لطف اٹھا سکیں گے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق یہ احکامات نگراں وزیر ریلوے روشن خورشید کی ہدایات پر دیئے گئے اور اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔اس حوالے سے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی کاپی فراہم کرکے پہلے سے نشست مخصوص کرواسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ای ٹکٹنگ نظام کے ذریعے بھی بزرگ افراد کو مفت ٹکٹ مہیا کیا جائیں گے جبکہ تمام ریلوے اسٹیشنز کے بکنگ آفس میں بھی مذکورہ سہولت میسر ہوگی۔

یاد رہے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے بزرگ مسافروں کو اپنے ہمراہ اپنا قومی شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہوگا۔

ترجمان ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ محکمے کی جانب سے عیدالفطر کے پیش نظر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ہر طرح کی ریل اور ان کے تمام درجوں کے کرایے میں پہلے ہی 30 فیصد رعایت کا اعلان کیا جاچکا ہے۔