نگران حکومت بھی بجلی بحران پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے ، مشتاق خان

173

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے صوبے بھر میں جاری بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت بھی بجلی بحران پر قابو پانے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔ رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور تراویح کے اوقات میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صوبے کے عوام سخت نالاں ہیں۔ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے لیکن یہاں بھی تاریکیوں کا راج ہے۔ نگران حکومت لوڈشیڈنگ کے عفریت پر قابو پائے اور لوڈشیڈنگ ختم کرے۔ صوبے میں دینی جماعتوں کی حکومت قائم ہوگی، خیبر پختونخوا کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، صحت کی سہولیات اور کھیل کے میدان دیں گے۔ عوام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے انتخابی نشان کتاب کو ووٹ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے۔ ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کالا باغ ڈیم بنانے کی باتیں ہورہی ہیں اور اس کے لیے بھرپور مہم جاری ہے، کالا باغ ڈیم متنازع ہے، بہتر ہے حکومت پہلے دیگر ڈیم تعمیر کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ کالا باغ ڈیم پر تمام صوبوں اور عوام کا اتفاق ضروری ہے، عوام اور صوبوں سے مشورے کے بغیر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی۔ ایم ایم اے میں نہ کوئی کرپٹ ہے نا ہی کسی کے اثاثے بیرون ملک بینکوں میں موجود ہیں۔ متحدہ مجلس عمل نے عوام کو انقلابی منشور دیا ہے۔ اسی منشور پر عمل کرکے صوبے کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنائیں گے۔ وفاق خیبر پختونخوا کو اپنے وسائل میں حصہ نہیں دے رہا، اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کریں گے۔