الخدمت فاؤنڈیشن فیصل آباد،آرفن کیئر کے تحت یتیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم

162

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام سے مستفید ہونے والے یتیم بچوں میں عید گفٹ،نقد اورکھلونے تقسیم کیے گئے ۔ عیدگفٹ تقسیم کرنے کی تقریب الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی دفترمیں منعقد ہوئی اورشہر سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں یتیم بچوں میں ہزاروں روپے نقدی،الیکٹرونکس کھلونے اوردیگرعید گفٹ تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر صدررائے اکرم کھرل،انچارچ آرفن کئیرپروگرام محمدالیاس خاں منج،آپاسعدیہ،فیصل حمید،میاں افتخارعلی نے بچوں میں عیدگفٹ تقسیم کیے اورتقریب سے خطاب کیا۔رائے اکرم کھرل نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کوکسی بھی موقع پرتنہانہیں چھوڑناچاہتی، ہم مخیرحضرات کے تعاون سے بچوں اوران کے گھروں میں خوشیاں بکھیرناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے جس نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں کام کیا ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے افراد کی مکمل بحالی تک ہر قدم پر قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 2008ء کا خوفناک زلزلہ ہو یا 2010ء کا تباہ کن سیلاب، جماعت اسلامی اورالخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے رات دن انتھک محنت کی اور ہروقت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہتے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا بھی متعددبار اس بات کابرملااظہار کرچکا ہے کہ پاکستان میں فلاحی کاموں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کارنامے قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر سے ہزاروں یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ20بڑے شہروں میں آغوش کے نام پر پروجیکٹس بھی چل رہے ہیں جن میں ہزاروں بچے مقیم ہیں۔