پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر ازحدضروری ہے، کسان بورڈ

183

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) کسان بورڈکے ڈویژنل صدر علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے ریمارکس کہ ’’سپریم کورٹ وفاق کی علامت ہے، چاہتے ہیں پانی بحران پرقابو پایا جائے‘‘ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاہے کہ آبی منصوبے ملک کی بقااور سلامتی وخوشحالی کے ضامن ہیں، یہ خواہ کسی بھی نام سے بنیں تعمیر ہونے چاہییں۔آنے والے دنوں میں پانی بحران سنگین سے سنگین ترہوتانظر آرہا ہے۔اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ملک بنجراور عوام پانی کی بوند بوندکوترس جائیں گے۔پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر ازحدضروری ہے۔ماضی میں کالاباغ ڈیم بنانے کے بجائے حکومتوں نے محض اپنی سیاست چمکائی۔کالاباغ ڈیم کانام پاکستان ڈیم رکھ لیاجائے یا کوئی اور، اس معاملے کواب حل ہونا چاہیے۔ ملک میں چھوٹے بڑے نئے ڈیم بنانے میں سنجیدگی دکھائی جائے تاکہ مستقبل میں پانی کے بحران سے صحیح طریقے سے نمٹاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کالاباغ ڈیم جیسے قومی مفادکے منصوبے کو سیاسی بنادیا گیا۔ہر سال اربوں روپے کاپانی محض اس لیے سمندربردہوجاتاہے کہ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ذخائر انتہائی کم ہیں اور جوموجود ہیں، ان کی استطاعت چند دنوں سے زیادہ کی نہیں۔کالاباغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے منصوبے مکمل ہونے چاہییں،ان سے جہاں ایک طرف ملک وقوم کو سستی بجلی میسر آئے گی،لاکھوں ایکڑبنجرزمین کوقابل کاشت بنایاجاسکے گا وہاں دوسری طرف لاکھوں روزگارکے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔