آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ نہیں کیا‘چودھری نثار 

98

راولپنڈی(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مجھ سے ٹکٹ کیلیے پہلے درخواست کیوں نہ مانگی گئی ، متواتر8الیکشن جیتنے والے شخص کو ٹکٹ کیلیے درخواست دینے کی کیا ضرورت ہے ، پارٹی کے اندر موروثی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے،مریم نواز صرف میاں نوازشریف کی بیٹی ہیں ۔منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین میں پارٹی قائد کا کوئی عہدہ نہیں ہے ، صدر ہو یا کوئی اور عہدہ پارٹی میں میں تاحیات کوئی عہدہ نہیں ہے ، آئین وقانون کی بات کرنے والے پارٹی آئین کی پاسداری کریں ‘نوازشریف بطور قائد کیا چاہتے ہیں اس کا علم نہیں ، میرے ساتھ چند اور دوستوں نے پارٹی کی ایک ایک اینٹ لگائی ، آج وہ دوست بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کیلیے مشاورت کررہا ہوں ، آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو باضابطہ اعلان کروں گا ۔