مشرف سمیت کوئی سیاسی لیڈر اور جرنیل قانون سے بالاتر نہیں 

96

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف سمیت کوئی سیاسی لیڈر اور جرنیل قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ انصاف سے محروم معاشرے زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتے۔ عوام کی نظریں 2018ء کے انتخابات پر لگی ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن آئین کی دفعہ 62/63 پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، الیکشن کمیشن اگر اپنے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانے میں کامیاب ہوگیا تو قوم کی چوروں اور لٹیروں سے جان چھوٹ جائے گی لیکن اگر الیکشن کمیشن پہلے کی طرح بے بسی کا شکار رہا اور روایتی سیاستدانوں، وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے اربوں کھربوں خرچ کرکے دوبارہ انتخابی عمل کو یرغمال بنا کر الیکشن نتائج پر قبضہ کرلیا تو عوام کو محرومی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کے لیے اللہ کا بڑا انعام ہے۔ عوام کرپٹ حکمرانوں، ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں سے نجات کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اور جمہوریت کی طرح عدالتیں بھی کبھی آزاد نہیں رہیں۔ لوگوں نے عدلیہ سے بڑی توقعات وابستہ کرلی ہیں اور عوام کو بڑی امیدیں ہیں کہ اب کوئی قانون سے بالاتر نہیں رہے گا۔ دنیا میں انہی قوموں نے ترقی و خوشحالی حاصل کی ہے جنہوں نے قانون اور انصاف کو ہرچیز پر مقدم رکھا ہے۔ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کے خواب کو حکمرانوں اور اسٹیٹس کو کی قوتوں نے کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا۔