ہاکی لیگ کا انعقاد جلد کیا جائے گا ‘ شہباز سینئر

74

راولپنڈی (جسارت نیوز) ہاکی کے سابق مایہ ناز کپتان اور پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ ہاکی لیگ کا انعقاد جلد کیا جائے گا جس میں نامور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔ گزشتہ روز خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اس کیلئے ڈچ اور آسٹریلین کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں شامل ہیں، ہماری ٹیم رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر ہے اس کے باوجود اچھے نتائج کی توقع ہے۔ شہباز سنیئر نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے قومی ٹیم کو ایشین گیمز میں فائدہ ہوگا۔ ہاکی میں ناکامیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاکی کھیلنے کا شوق ختم ہو گیا ہے جس کی بنیادی وجہ ملک میں انٹرنیشنل ایونٹس کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں تمام بڑے ایونٹس پاکستان میں ہوتے تھے جس سے ایک ماحول بن جاتا تھا اور بچوں میں ہاکی کھیلنے اور قومی ٹیم کی نمائندگی کا جذبہ پیدا ہوتا تھا۔ شہباز نے کہا کہ فیڈریشن کھیل کی ترقی کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔