متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کے لیے اللہ کا بڑا انعام ہے، سردار ظفر خان

81

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے عیدالفطر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس سال ہم ایک ایسے موقع پر عید منا رہے ہیں جب پوری قوم کی نظریں آئندہ الیکشن پر ہیں، ہم اپنے ووٹ کے ذریعے عید کے موقع پر اپنے وطن کو ایماندار اور صالح قیادت فراہم کرکے گزشتہ ستر سال کی ساری محرومیاں دور کرسکتے ہیں۔ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کے لیے اللہ کا بڑا انعام ہے، دینی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔ عوام کرپٹ حکمرانوں، ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں سے نجات کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک وقوم کو متحدہ مجلس عمل جیسی صالح، باکردار قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائے۔ ایم ایم اے مرکز سمیت تمام صوبوں میں بھی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور اس ملک کو اندھیروں اور مایوسیوں سے نکال کر پائیدار ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن وسنت کی بالادستی، تقویٰ، علم اور خدمت کا پیغام لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں اور قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے، چوروں، رسہ گیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے عوام کو متحد ہو کر ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا۔