روزہ داروں کی عبادات کے بعد عید اللہ کا انعام ہے

103

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل کے امیدوارحلقہ پی پی112راناعدنان خاں نے پوری قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور کہاہے کہ ماہ رمضان کی رحمتوں برکتوں اورروزہ داروں کی پر مشقت عبادات کے بعد عید اللہ کا انعام ہے ۔ اہل ایمان کے لیے شیطان کے حملوں سے بچنے کے لیے روزہ ڈھال تھا اب ایمانی اور عملی طاقت کے ساتھ اپنے آپ کو شیطان کے شر سے محفوظ رکھا جائے ۔انہوں نے کہاکہ عید کا تہوار عالم اسلام کی اجتماعی خوشیوں کا مظہر ہے۔تمام مسلمانوں کو اپنے اردگرد بسنے والوں غریب اور ضرورت مندوں کے ساتھ عیدکی خوشیاں بانٹنے میں زیادہ سے زیادہ سخاوت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت مند مسلمان بھائیوں کی مدد کر کے عیدکی خوشیوں کو دوبالا کیا جا سکتاہے، مستحق لوگوں کی خدمت ہر صاحب حیثیت پر فرض ہے اور بحیثیت مسلمان ہمیں چاہیے کہ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق غریبوں کی دلجوئی کریں تاکہ ان کی خوشیاں دوبالا ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی مذہبی اور سماجی روایت ہے کہ ہم مجبور اور مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں اور اس کار خیر کو مزید بڑھایا جانا چاہیے۔انہو ں نے مزید کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ہمیشہ غریبوں اور مسکینوں کی مدد کرنے کا حکم دیا ہے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ عید جیسے خوشی کے دن کے موقع پر ہمارے غریب بہن بھائی بھی اس خوشی میں برابر شریک ہوسکیں۔