اعلیٰ ثانوی بورڈ کے ناظم امتحانات سمیت تمام افسران کی الیکشن ڈیوٹیاں 

187

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)الیکشن کمیشن نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات سمیت تمام اعلی افسران کی ڈیوٹیاں لگادیں۔اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے نتائج میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں اور ضمن میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں قائم سرکاری اداروں سے ان کے ملازمین اور افسران کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں اسی طرح اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین انعام احمد کی جانب سے بھی بورڈ میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 1 سے 19 ڈیلی ویجزپر کام کرنے والے 350سے زائدملازمین کی فہرستیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کردی تھیں ۔ تاہم چیئرمین بورڈ کی جانب سے ایک مکتوب بھی ارسال کیا گیا تھا کہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹرسال اول اور دوئم کے امتحانات کا اختتام ہوا اور اب امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ و طالبات کی امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال کے کام کا آغا زکیا ہے ۔ افسران اور ملازمین کے نہ ہونے سے یہ کام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔ جس کے باعث پاس ہونے والے طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹیوں میں دخلے سے محروم رہ جائیں گے۔تاہم ان کی جانب سے کوئی خاطر خواہ جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے ارسال کی گئی فہرستوں میں قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر،قائم مقام سیکر یٹری ،ڈپٹی کنٹرولزشجاعت ہاشمی،ڈپٹی کنٹرولر عظیم صدیقی،آٹی منیجر محمد شہیر وقارسمیت350ملازمین کے نام شامل ہیں۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن سندھ کے ترجمان عبدالحمیدمغل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ان افسران اور ملازمین کی خدمات صرف 3,4دن کے لیے لے گی ۔اور میرا نہیں خیال کے ان 3چاردن کی وجہ سے بورڈ کا نظام خراب ہو جائے اور نتائج میں تاخیر ہو۔کچھ ڈسٹرکٹ میں اسٹاف کی کمی ہے جس کو ہم پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔واضح رہے کراچی میں قائم انجینئرنگ اور میڈیکل یونیورسٹیز میں داخلوں کا آغازجولائی کے آخر میں ہوتاہے۔