منشیات فروشی اور فحاشی کے اڈے نوجوانوں کو گمراہی میں دھکیل رہے ہیں

88

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار حلقہ پی پی 115 رائے اکرم کھرل، جماعت اسلامی کے امیر چودھری سلیم گجر اور دیگر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ملک وقوم کے مستقبل کو بچانے کے لیے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرے، جگہ جگہ منشیات فروشی، عصمت فروشی اور فحاشی کے اڈے نوجوانوں کو گمراہی کے دلدل میں دھکیل رہے ہیں لیکن حکومتی اور ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے، نوجوان طبقہ اسکول وکالج جانے کے بجائے ان گمراہی کے اڈوں کا رخ کرتے ہیں، جس کے باعث جرائم میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت ہمارے معاشرے میں ایک اہم سماجی مسئلہ بن گئی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان ہمارے معاشرے کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس میں زیادہ تر ہمارا نوجوان طبقہ ہی ملوث پایا جاتا ہے جوکہ نہایت فکر انگیز ہے، ہمارا مستقبل منشیات کے تعاقب میں تباہی کی طرف جارہا ہے اور ان حالات میں حکومتی رویہ اور کارکرگی مایوس کن ہے۔