انتظامیہ عید پر بھی مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام رہی

149

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور اور دیگر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عید کے موقع پراپنے دعووں کے برعکس مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام رہی، گوشت، پھلوں، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریبوں سے عید کی خوشیاں چھینے رکھیں جبکہ انتظامیہ اورمہنگائی کنٹرول کرنے والے ادارے موج مستی میں مصروف رہے۔ 300 روپے فروخت ہونے والا بڑا گوشت 500 سے 600 روپے میں فروخت ہوتا ہے، اسی طرح مرغی، چھوٹا گوشت اور دیگر اشیا خورونوش میں بے پناہ اضافے کے باعث غریب عیدکی خوشیوں سے محروم رہے، جس کے ذمے دارضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی ہے۔ عید پر اپنے گھروں کو جانے والوں سے ٹرانسپورٹروں نے دگنے تگنے کرایے وصول کیے اوریہی حال اب واپس اپنے کام کاج پر جانے والے مسافروں کے ساتھ ہورہا ہے، انتظامیہ ٹھنڈے کمروں میں پڑی اونگھ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی تہوارکے موقع پریاعیدسے قبل ضلعی انتظامیہ بڑے بڑے اجلاس کرکے ان میں عوام کو منافع خوروں سے بچانے اورانہیں ہرطرح کی سہولیات دینے کے دعوے کرتی ہے لیکن عین تہوارکے موقع پر انتظامی افسران چھومنتر ہوجاتے ہیں اور ناجائز منافع خور مکمل آزادی کے ساتھ عوام کو لوٹتے ہیں جس سے شک گزرتا ہے جیسے انتظامیہ منافع خوروں سے اپنا حصہ وصول کرکے انہیں عوام کولوٹنے کی کھلی چھوٹ دے دیتی ہے اورعوام کومطمئن کرنے کے لیے اجلاسوں میں بڑے بڑے دعووں سے انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کرتی ہے۔