جاگیرداروں کو اقتدارسے ہٹانے کیلیے عوام ایم ایم اے کا ساتھ دیں

103

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہم قرآن وسنت کی بالادستی ، تقویٰ ،علم اور خدمت کا پیغام لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں اور قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے ، لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے،چوروں ، رسہ گیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے عوا م کو متحد ہو کر ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا ۔دینی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے موقع پراپنے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے اپنے ادوارمیں عوامی مسائل کے حل کی بجائے اپنی دولت میں ہی اضافہ کیا ہے۔عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ دنیا میں ظلم اورجبر کے نظام کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، عوام جابر حکمرانوں کے خلاف بغاوت کررہے ہیں، دنیا بھرمیں تبدیلی کی لہریں اٹھ رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان دینے کی دعوے دار وں نے عوام سے عزت سے جینے کا حق بھی چھین لیاہے ۔ اب قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے ۔ ستر سال سے برسراقتدار طبقے نے انہیں محرومیوں ، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ کسی نے جمعہ کی چھٹی ختم کر کے مغرب کو وفادار ی کا پیغام دیا تو کسی نے روٹی کپڑا مکان کے نام پر ان کو زندگی کی تمام سہولتوں سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کی جگہ اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام رائج کیاجائے۔