فیصل آباد ،رکشا ٹیکسی ڈرائیوریونین کا بھتا خوری کے خلاف شدید احتجاج

92

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)پاسبان رکشا ٹیکسی ڈرائیورزیونین پنجاب کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں اعجازحسین نے کہاہے کہ موٹرسائیکل رکشاؤں سے بھتا خوری کاسلسلہ جوں کاتوں برقرارہے،انتظامیہ کو مسلسل توجہ دلانے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ،بھتا خوری کاخاتمہ، ٹریفک نظام اوررکشا ڈرائیوروں کے روزگارکی بہتر ی کیلیے جدوجہدکررہے ہیں،انتظامیہ معاملات سے چشم پوشی اختیارکرکے مسائل میں اضافہ کررہی ہے اورہمیں سٹرکوں پرنکلنے کیلیے مجبورکیا جارہا ہے ، سٹرکوں پر نکل آئے توشہرمیں رکشاؤں کے سواکچھ نظرنہیں آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع چنیوٹ اورفیصل آباد کے عہدیداران سے مرکز اسلامی چنیوٹ بازارمیں ملاقات کے دوران اپنی گفتگومیں کیا۔اس موقع پر محمدامین ،میاں عبدالجبار، محمدندیم، محمدیوسف، ارشادگوشا اورباباشہنشاہ بھی موجودتھے۔ میاں اعجازحسین نے کہاکہ انتظامیہ کی آشیربادسے ہی موٹرسائیکل رکشاؤں سے بھتا وصولی ہورہی ہے ،لڈو کھیلنے والوں پر اگرپولیس انتظامیہ کی نظرپڑجائے تو جوئے کی آڑمیں نذرانہ وصول کیا جاتاہے یاپھرانہیں مقدمات کاسامناکرناپڑتاہے مگر سرعام خودساختہ اڈوں پربھتا وصول کرنے والوں کوہاتھ نہیں لگایا جاتا جس سے ثابت ہوتاہے کہ دال میں کچھ کالانہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے،برداشت کامظاہرہ کررہے ہیں ،حالات برداشت سے باہرہوئے تو ناخوشگوار واقعات کی ذمے دار انتظامیہ ہوگی ۔