مختصر پر اثر

259

* ایسے پاکستان کے لیے کوشش کرنی ہوگی جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔۔۔ جنرل باجوہ
جہاں قانون اور ’’فوج‘‘ کی حکمرانی ہو ۔
* عدالت عظمیٰ کا کراچی میں پارکوں اور کھیل کے میدانوں میں قبضہ مافیا کے خلاف انکوائری کا حکم
وہ بات کیوں کہتے ہو جو کر نہیں سکتے۔۔۔ قولو قولاََسدیدا
* سیاست دانوں نے اسمگلنگ مارکیٹیں بنا رکھی ہیں۔۔۔ چیف جسٹس
اور فوج نے؟
* چیف جسٹس صاحب نے پمز اسپتال کا دورہ کیا ۔
آپ بتاسکتے ہیں کتنے ملکوں کے چیف جسٹس ہیں جو اسپتالوں کا دورہ کرتے ہیں ۔
* میں پاکستان کا بادشاہ بننا چاہتا ہوں ۔
صدر بن جائیے ۔
نہیں ۔
وزیراعظم بن جائیے ۔
نہیں ۔
آرمی چیف بن جائیے ۔
نہیں ۔
اچھا چیف جسٹس بن جائیے ۔
ہاں یہ ٹھیک ہے ۔
* چیف جسٹس صاحب کو اتنا عرصہ ہوگیا چیف جسٹس کے منصب پر بیٹھے اور عدالتی فعالیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۔
تو پھر؟ ۔
آنکھیں پھوٹیں جو کبھی یہ خبر پڑھی ہو کہ چیف جسٹس نے ماتحت عدالت کا دورہ کیا ۔
* سیاست دانوں نے اسمگلنگ مارکیٹیں بنارکھی ہیں۔۔۔ چیف جسٹس۔
اک سیاست دان ہی برے ہیں باقی سب لوگ اچھے ہیں ۔
* ایک اہل کار کے زور سے اللہ اکبر کہہ کے بیدار ہونے سے نیب عدالت میں سراسیمگی۔ ایک خبر
شاید عدالت یہ سمجھی ہو کہ آئے دن ورکنگ باؤنڈری اورکنٹرول لائن پر ہندوستانی افواج کے حملوں اور معصوم پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں پر طیش میں آکر پاک فوج نے اللہ اکبر کا نعرہ لگاتے ہوئے ہندوستان پر حملہ کردیا ہے۔
* یہ نہ تھی ہماری قسمت کہ وصال یار ہوتا
اگر اور جیتے رہتے یہی انتظار ہوتا۔۔۔ غالب
عجب اپنا حال ہوتا جو وصال یار ہوتا
کبھی جان صدقے ہوتی، کبھی دل نثار ہوتا۔۔۔ داغ دہلوی
* ایک اہل کار کے زور سے اللہ اکبر کہہ کے بیدار ہونے سے نیب عدالت میں سراسیمگی۔۔۔ ایک خبر
نیب عدالت میں اللہ اکبر کی صدا کیا اتنی ہی اجنبی ہے کہ سراسیمگی پھیل جائے! ویسے نواز شریف کو نہ بتانا ایسا نہ ہو نیب پیشی کے موقع پر اللہ اکبر کا نعرہ لگانے بیٹھ جائے اور ایک اور توہین عدالت ہوجائے۔
* فضل الرحمن اپنی سیکورٹی کا بندوبست خود کیوں نہیں کرتے۔ حملے تو ہوتے رہتے ہیں موت کا وقت معین ہے۔۔۔ چیف جسٹس
چیف جسٹس صاحب کے ایک دن کے بیانات پڑھ لو تو دل پندرہ بیس سیاست دانوں کو مارنے کے لیے مچلنے لگتا ہے۔
* کس قانون کے تحت شہباز شریف کو بلٹ پروف گاڑی دی گئی۔۔۔ چیف جسٹس
اعتزاز احسن نے یہ کیوں کہا تھا ’’مائی لارڈ آپ کچھ ٹینشن میں نظر آتے ہیں۔‘‘
* وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ملک میں بجلی کی طویل ترین بندش کا نوٹس لے لیا
اور پھر تہہ کرکے جیب میں رکھ لیا۔ ویسے دو مہینے میں کتنے نوٹس لیے جاسکتے ہیں؟
* کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کی سزا برقرار، اپیل خارج
ہزاروں منزلیں ہوں گی، ہزاروں کارواں ہوں گے
عدالتیں ہم کو دھونڈیں گی نہ جانے ہم کہاں ہوں گے
* بلاول اور آصف علی زرداری کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں۔۔۔ چیف جسٹس
عادت خراب ہے یا دل کے سخی ہو تم
نظریں تمہاری مجھ کو للچائی لگ رہی ہیں
*روئے سخن چیف جسٹس صاحب کی طرف ہوتو روسیاہ۔ خلیل جبران کی کتاب ’’پاگل‘‘ سے ایک اقتباس
گھاس کے ایک تنکے نے خزاں رسیدہ پتے سے کہا: ’’تم گرتے وقت شور کیوں مچاتے ہو، تمہارے اس شور نے میرے خواب کو پریشان کردیا ہے‘‘۔ پتا غصے میں بولا ’’پستی میں رہنے والے۔ موسیقی سے بے بہرہ۔ چرچڑے تنکے جب تو اونچی ہوا میں نہیں رہتا تو راگ کی لے کو کیا جانے؟‘‘
پھر خزاں رسیدہ پتا زمین پر سوگیا اور جب بہار آئی تو اس کی آنکھ کھلی مگر اب وہ گھاس کا تنکا بن چکا تھا پھر جب خزاں آئی تو اس پر دوسرے پتے گرنے لگے تو اس نے آہستہ سے کہا
’’یہ خزاں رسیدہ پتے کتنا شور مچاتے ہیں اور میرے شیریں خواب کو پریشان کردیتے ہیں۔‘‘