کالا باغ ڈیم ملکی وقومی بقا کا مسئلہ بن گیا ، ڈاکٹر محمد انور

99

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے قائم مقام امیر ڈاکٹر محمد انور، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، الطاف حسین، چاند زیب خاں، ڈاکٹر عزیز مدنی اور دیگر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملکی وقومی بقا کا مسئلہ بن گیا ہے، ہماری آنے والی نسلوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فی الفور کالا باغ ڈیم کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹیں بننے والے عناصر کا ہنگامی بنیادوں پر تدارک کروائیں تاکہ ارض وطن خشک سالی سے بچایا جاسکے اور آبی بحران سے بچا جاسکے۔ سیاسی ومذہبی جماعتیں اعلیٰ عدلیہ عسکری ادارے اور سمیت تمام محب وطن پاکستانیوں کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو اندھیروں‘ غربت‘ جہالت میں ڈبو دیا تو دوسری طرف عام آدمی کی زندگی بھی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ پانچ سال تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جن نہ تو بوتل میں بند ہوسکا اور نہ ہی غریب عوام مہنگائی‘ بے روزگاری سے نجات حاصل کرسکی۔ عام انتخابات میں عوام اب ان کے کھوکھلے نعروں اور دلفریب وعدوں میں نہیں آئیں گے۔