وٹامنز کا خزانہ

783

لیموں کا رس

اچھی صحت کے لیے یہ تدبیر صدیوں پرانی اور آزمودہ ہے جس کی افادیت سے جدید طبی ماہرین بھی قائل ہوچکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ لیموں کے رس میں وٹامن بی، وٹامن سی، پوٹاشیم اور کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ صحت بخش روغنیات بھی شامل ہوتے ہیں جب کہ لیموں کا رس ایک قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے۔
نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر روزانہ نہار منہ پینے کے چند فوائد حسبِ ذیل ہیں:
مثانے کی تکلیف:
نہار منہ نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر پینے کے علاوہ اگر آپ کھانے کے ساتھ بھی لیموں پانی پیتے رہیں تو مثانے کی تکلیف کسی دوا کے بغیر ہی ختم ہوجائے گی۔
گردے کی پتھری:
لیموں کے رس میں شامل پوٹاشیم گردے کی پتھری بننے سے روکتا ہے اور اس کے اجزا کو سٹرک ایسڈ میں حل کرکے پیشاب کے راستے جسم سے نکال باہر کردیتا ہے۔
سردی اور زکام:
لیموں کے رس میں وٹامن سی وافر موجود ہوتا ہے جو قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے جب کہ اس میں جراثیم کش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے زکام اور سردی کے علاج میں بھی نیم گرم پانی کے ساتھ لیموں کے رس کا استعمال بے حد فائدہ مند رہتا ہے۔
بیماریوں سے بہتر بچاؤ:
لیموں پانی کا روزانہ استعمال ہمارے جسم کے لمفی افعال (لمفیٹک فنکشنز) کو بہتر بناتا ہے، یعنی یہ ہمارے جسم میں بیماریوں کے خلاف لڑنے والے قدرتی دفاعی نظام (امیون سسٹم) کو زیادہ مضبوط اور اس قابل بناتا ہے کہ وہ بیماری پیدا کرنے والے جرثوموں، وائرس اور مادّوں کو پہچان کر تیزی سے ان کا قلع قمع کرسکے۔
ہڈیوں اور جوڑوں کی اینٹھن:
پٹھوں کی طرح جوڑوں اور ہڈیوں پر بھی لیموں پانی کے مفید اثرات پڑتے ہیں کیونکہ اس میں شامل معدنیات ہڈیوں میں مضبوطی کے ساتھ ساتھ جوڑوں پر حرکت میں سہولت پیدا کرتی ہیں۔