بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے،نگران وزیراعظم

332

عام انتخابات کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کے لیے مکمل تیار ہ ہیں

الیکشن کمیشن حکام کی نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک کو بریفنگ

نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے کہا ہے کہ بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے جبکہ الیکشن کمیشن حکام نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کے لیے مکمل تیار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم ناصر الملک اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس پہنچے جہاں ان کی آمد کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔نگران وزیراعظم کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی میڈیا نمائندوں اور سائلین کو دفتر سے باہر نکال دیا گیا تھا۔

جسٹس (ر)ناصر الملک کی الیکشن کمیشن آمد پر سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے ان کا استقبال کیا۔الیکشن کمیشن میں نگران وزیراعظم کی سربراہی میں بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں انہیں انتخابات کی تیاریوں، سیکورٹی امور اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کے لیے مکمل تیار ہے جب کہ قیام امن یقینی بنانے کے لیے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جارہے ہیں۔اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔