سراج الحق 50 لاکھ میں بلاول ہاؤس خریدنے کیلئے تیار

229

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے بلاول ہاؤس خریدنے کی پیشکش کردی ہے اور کہا ہے کہ میں وہاں ایک یتیم خانہ بناؤں گا۔امیر جماعت اسلامی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر بلاول ہاؤس کی قیمت 30لاکھ روپے ہے تو میں اسے یتیم خانہ بنانے کیلئے 50لاکھ روپے میں لینے کا اعلان کرتا ہوں۔

ان کا کہناتھاکہ انتخابات ہر صورت وقت پر ہونا چاہئیں،اس کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ،الیکشن کے حوالے سے جو حلف نامے دئیے جارہے ہیں ،ان سے جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے۔سراج الحق نے مظفر ہاشمی کی فلسطین کی آزادی کیلئے بہت سے کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی جہدوجہد کے باعث ہی فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ نے تعزیتی خط بھیجا ہے۔

متحدہ مجلس عمل پاکستان کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کو لوٹنے اور برباد کرنے والے آج پھر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں ، حکمرانوں کے اثاثے سامنے آنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے اثاثے بنانے کے سوا کوئی کام نہیں کیا،انتخابات بروقت ہونے چاہیئے اور نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر جانبدار ہوکر الیکشن کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائے، متحدہ مجلس عمل میدان میں موجود ہے، اقتدار میں آکر قرآن کی بالادستی قائم کریں گے ، سودی معیشت کا خاتمہ کریں گے، دفاع کے بعد سب سے زیادہ تعلیم اور صحت پر خرچ کیا جائے گا، اردو کو قومی زبان کی طور پر دفتروں میں رائج اور یکساں نظام تعلیم نافذ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی کے اہلخانہ سے ملاقات و تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ الیکشن 2018کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں ، ہماری تجویز یہی ہے کہ حالات جو بھی ہو ں الیکشن وقت پر ہی ہونے چاہیئے اور نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدارہوکر الیکشن بروقت کروائے ۔ نگراں حکومت کا ایجنڈا صرف اور صرف الیکشن ہی ہونا چاہیئے ورنہ ان کے بارے میں خیال کیا جائے گا یہ کسی اور ایجنڈے کے لیے کام کررہے ہیں ۔امید ہے کہ نگراں حکومت سو فیصد غیر جانبدا رہوکر الیکشن کروائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی عالم اسلام اور پاکستان کا ایک اہم شہر ہے جو ایک طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہے ، پانی اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ آج تک حل نہیں ہوسکا ۔ اسی طر ح شہر میں آج بھی کچرے کے ڈھیر موجود ہیں ، ٹرانسپورٹ کے شدید مسائل ہیں، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے ۔بے روزگاری عام ہے ۔ آج وہی لوگ 2018کے الیکشن میں پھر سے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور پھر سے کراچی کو لوٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عوام کے مسائل کے حل کے قیا م امن ، ترقی اور خوشحالی کے لیے مجلس عمل ہی متبادل قیادت ہے ، عوام الیکشن میں مجلس عمل کو کامیاب کرائیں ۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کا دن ملک کی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب ہوگا ، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ،عوام سابقہ حکومت سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جنہوں نے عوام کو سبز باغ دکھائے اور کہا تھا کہ ہم لوڈ شیڈنگ کا چھ ماہ میں خاتمہ کریں گے لیکن آج تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکا ۔انہوں نے کہاکہ آج حکمرانوں کے اثاثے سامنے آرہے ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان حکمرانوں نے اثاثے بنانے کے علاوہ کوئی کام ہی نہیں کیا ۔ لوٹا کریسی کی سیاست عام ہوگئی ہے ان لوگوں کے پاس کوئی ویژن نہیں ہے۔ متحدہ مجلس عمل میدان میں موجود ہے ، ہم قرآن کی بالادستی لانا چاہتے ہیں ،سود ی معیشت کا خاتمہ کرکے ایسا نظا م قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں غربت اور افلاس کا خاتمہ ہو ۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے کے بعد سود کے نظام کے بجائے زکوٰۃ اور عشرکا نظام قائم کریں گے ، موجودہ ٹیکس کا نظام تبدیل کریں گے ۔ ملک کے دفاع کے بعد سب سے زیادہ تعلیم پر خرچ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت کو بنیادی ضروریات میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے ملک میں 25ارب صحت کے لیے ،31ارب تعلیم کے لیے اور 2021ارب سود کی ادائیگی کے لیے رکھے گئے۔ ہم معاشی طبقاتی نظام کا خاتمہ کریں گے اور یکساں نظام تعلیم قائم کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو معاشی بنیاد پر تقسیم کیا گیا ہے ،آئین اور قانون کے تحت اردو پاکستان کی قومی زبان ہے لیکن اسے اب تک نافذ العمل نہیں کیا گیا، مجلس عمل کی حکومت آئے گی تو اردو زبان کو دفتری زبان کے طور پر نافذ کروایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کے لیے کراچی کی ترقی ضروری ہے ، اہل کراچی ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو ان ہی میں سے ہو ، امانت دار ہو ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مظفر احمد ہاشمی مرحوم دو مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر رہے اور کراچی کی بے لوث خدمت کی ۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ فلسطین کی آزادی کے لیے بھی کام کیا جس کی وجہ سے عالم اسلام سے بھی مرحوم کے لیے تعزیت کے پیغام آ رہے ہیں ، اللہ سے دعاہے کہ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین وپسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے ۔سراج الحق نے مظفر احمد ہاشمی کے انتقال پر ان کے گھر جاکر ان کے چھوٹے بھائی غیور ہاشمی ، بیٹے علی ہاشمی سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ،سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، ضلع وسطی کے امیر منعم ظفرخان ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد ، امیر زون نارتھ ناظم آباد نسیم صدیقی ، قاضی صدر الدین ، محمد احمد قاری و دیگر بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سرا ج الحق نے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر خالد شاہ کے انتقال پر ان کے گھر جاکر بڑے بھائی ابن حسن سے ملاقات کی اوراظہار تعزیت کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ،سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، نسیم صدیقی ، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے انتخاب عالم سوری اور دیگر بھی موجود تھے ۔