کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ کسی فیملی تفریحی مقام میں ایک پورا دن صرف مردوں کے لیے مخصوص کردیا جائے؟ جیسا عام طور پر خواتین کے لیے کیا جاتا ہے۔
یقیناً ایسے سننے میں نہیں آتا مگر کراچی میں گزشتہ دنوں کھلنے والے عسکری امیوزمنٹ پارک میں ایسا اعلان کیا گیا، جہاں ایک پورا دن صرف مردوں کو وہاں تفریح کا حق ہوگا۔
کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر پرانی سبزی منڈی پر عسکری امیوزمنٹ پارک کا افتتاح عید الفطر کے موقع پر ہوا تھا اور اس وقت انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس میں داخلہ صرف فیملی کے ساتھ ہی ممکن ہے۔
تاہم اب ہر ہفتے پیر کا دن صرف مردوں کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پارک کے فیس بک پیج پر لگی پوسٹ کے مطابق لوگوں کی جانب سے بہت زیادہ درخواستیں ملی تھیں کہ اکیلے مردوں کو بھی پارک میں داخلے کی اجازت دی جائے۔
پوسٹ میں بتایا گیا کہ ان درخواستوں کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے پیر کا دن مردوں کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں تفریح کرسکیں۔
اس اعلان پر عملدرآمد کا آغاز 25 جون سے ہوسکے گا، جس کے دوران مرد بچوں یا اپنے دوستوں کے ساتھ اس پارک کی سیر یا جھولوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
عسکری پارک پاکستان کا ایسا امیوزمنٹ پارک ہے، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہاں ایسے جھولے موجود ہیں، جو ابھی تک پاکستان میں دیکھنے میں نہیں آئے۔