شفاف الیکشن ہوئے توکرپٹ ٹولہ اقتدار سے محروم ہوجائے گا

172

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل وجماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی سربراہ شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ شفاف الیکشن ہوئے توکرپٹ ٹولہ اقتدارکے ایوانوں سے محروم ہوجائے گا، قوم بیدارہوچکی اب ملکی دولت لوٹ کراپنی تجوریاں بھرنے اورملک دیوالیہ کرنے والے چورو ں کا زوال شر وع ہوچکا ہے،مذہبی قوتوں کااتحاد ایم ایم اے قوم کیلیے امیدکا محوربن چکا ہے،ضلع بھرمیں امیدواران اہل راولپنڈی کے سامنے پیش کردیے ،ہم نے ایسے امیدوارمیدان میں اتارے ہیں جن کے دامن پرکرپشن اوربدعنوانی کا کوئی داغ ہے نہ ہی ان کے نام کسی قرض معاف کروانے والوں کی لسٹ میں شامل ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی ذمے داران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری ظفر الحسن جوئیہ،نائب امیر ضلع امتیاز علی اسلم ،محمد تاج عباسی ودیگرذمے داران بھی شریک تھے۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ہرالیکشن میں پارٹیاں اور جھنڈے بدل کرنئی پارٹی سے ٹکٹ لینے والے لٹیروں کو عوام پہچان چکے ہیں۔پاناما لیکس کے حوالے سے شہرت پانے والی سابق حکمران جماعت سمیت ملک بھرکی پارٹیوں سے کرپٹ اوربدعنوان ایک جگہ جمع ہوچکے ہیں اس لیے اب عوام کوفیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی اوران کاانتخاب متحدہ مجلس عمل کی دیانت دار اورشفاف قیادت ہوگی ۔