سرکاری محکموں کے افسران کسی دباؤکے بغیر اپنے فرائض سر انجام دیں

86

راولپنڈی(بی این پی )پنجاب کے نگراں وزیر زراعت،خوراک، لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ ، ٹرانسپورٹ ، منصوبہ بندی و ترقیات سردار تنویر الیاس خان نے کہاہے کہ سرکاری محکموں کے افسران و اہلکار کسی دباؤ یاا ثرو رسوخ کو خاطر میں لائے بغیر میرٹ اور انصاف کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلیے کام کریں اور سرکاری امور کے سلسلے میں دفاتر سے رجوع کرنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ عوامی مسائل کے حل میں کوئی تاخیر واقع نہ ہو ۔ انہوں نے یہ بات اپنی محکموں کا چارج سنبھالنے کے بعدعملے کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نگراں صوبائی وزیر نے کہاکہ سرکاری ملازمین اس امر کے پابند ہیں کہ وہ اپنی ذمے داریاں ہر قسم کے دباؤ اور مصلحت سے بالا تر ہو کر قانون اور انصاف و میرٹ کے مطابق انجام دیں تاکہ حقدار کی شنوائی ہواور کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ سفارش اور رشوت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر جدو جہد کرنی چاہیے اور گڈگورننس کے قیام کے مقاصد اسی صورت حاصل ہو سکتے ہیں جب ہم اپنے دلوں میں خوف خدا پیدا کرکے انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کریں۔ سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ جن سرکاری ملازمین کی خدمات انتخابات کے حوالے سے مقرر کی جائیں گی وہ اپنے فرائض تندہی اور قومی جذبے کے ساتھ سر انجام دے کر پرامن ، غیر منصفانہ اور شفاف انتخابات کی انعقاد میں مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات کے سلسلے میں اگرچہ تیاریاں جاری ہیں اور ہر ممکن انتظامات کیے جا رہے ہیں تاہم سرکاری محکمے اپنی روزمرہ کارروائی معمول کے مطابق جاری رکھیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہوسکے۔