پاکستان کے مسائل کا حل متناسب نمائندگی ہے،اکرم خاں کھرل

191

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی امیدوارپی پی 115رائے اکرم خاں کھرل، امیرجماعت اسلامی چودھری سلیم گجر، میاں افتخارعلی اوردیگرنے کہاہے کہ موجودہ کرپٹ لیڈر شپ کا مستقبل کی سیاست میں کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔ اگر شفاف الیکشن ہوگیا تو ایوانوں میں اکثریت نئے چہروں کی ہوگی۔ الیکشن اخراجات کے حوالے سے الیکشن کمیشن قوانین کے نفاذ کا عملی ثبوت نہیں دے رہا۔ شفاف الیکشن نہ ہوا تو عوام کا پورے انتخابی نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔پاکستان کے مسائل کا حل متناسب نمائندگی ہے لیکن سیاست پر قابض ظالم جاگیردار اور بے رحم سرمایہ دار متناسب نمائندگی سے ڈرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کے اجتماعی شعور پر اعتماد کرنے کی ضرورت ہے، ان کے مینڈیٹ کو چرانے کی نہیں۔ عوام نہیں چاہتے کہ بار بار وہی لٹیرے بھیس اور پارٹیاں بدل کر اقتدار پر قابض ہوں جن کی وجہ سے ملک موجودہ صورتحال سے دوچار ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی مقبولیت کی دعویدار پارٹیوں نے آج تک عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا۔ ایوانوں میں پہنچنے کے بعد انہیں عوامی مسائل یاد نہیں رہتے اور ہر آنے والے الیکشن میں ایک بار پھر عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گلوبلائزیشن کا مقابلہ کرنے کے لیے طاقتور جمہوریت ضروری ہے لیکن ایم ایم اے کے علاوہ کسی پارٹی کے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں اور نہ ہی عوامی خدمت اور ملکی ترقی کا کوئی ایجنڈاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے کا منشور قومی ترقی و خوشحالی کا واضح روڈمیپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملکی مسائل کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے اور ایم ایم اے کے منشور کا پہلا نکتہ ہی ملک میں شریعت محمدی کا نفاذ ہے تاکہ پاکستان کو اس کے قیام کے اصل مقصد سے ہمکنار کیا جاسکے ۔