غیر ملکی دباؤ پر بننے والی پالیسیاں غلامی کی زنجیر ہیں، سردار ظفر خان

123

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کو موقع ملاتو اللہ اور اس کے رسولؐ کے نظام کے تابع معاشی پالیسیاں مرتب کریں گے۔ غیر ملکی دباؤ پر بننے والی پالیسیاں غلامی کی زنجیر ہیں۔ قوم کو عالمی اداروں کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ اللہ اور اس کے رسولؐ کو راضی کرنے کے لیے سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اس نظام نے ملک وقوم کو غیروں کا محتاج بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار ظفر نے کہا کہ پا نچ برس میں ملکی قرضے دوگنا اور معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا گیا ہے۔عوام کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں رہاہے جو منافع بخش ہو۔ میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانچ برس تک اہم پوسٹوں پر جیالوں اور متوالوں کو تعینات کیا جاتا رہا ہے، پوری قوم نام نہاد جمہوریت کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ قوم ملکی سرمایہ لوٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے والے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن لوٹ مار، دھونس دھاندلی، بھتا خوری، بوری بند لاشیں، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور اقربا پروری کوفروغ ملا۔ مہنگائی، بے روز گاری اور کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے۔ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں قوم کو متحدہ مجلس عمل جیسی صالح، باکردار قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود اورملکی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائے۔