ایم ایم اے نے صاف ستھرے لوگوں کو الیکشن میں کھڑا کیا، عارف شیرازی

145

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کی انتخابی مہم کو بھر پور انداز میں چلائیں گے۔ ایم ایم اے نے صاف ستھرے لوگوں کو الیکشن میں کھڑا کیا ہے۔ عوام حقیقی تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ایم ایم اے کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودیؒ بلڈنگ میں الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے قائم کردہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں ضلعی رابطہ کمیٹی کے کنوینر نائب امیر ضلع سید عزیر حامد، نائب امیر ضلع شیخ مسعود احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش، ڈپٹی جنرل سیکرٹری طارق رضا، سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم، ساجد محمود ملک اور رانا ضیا اللہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں راولپنڈی شہر اور کینٹ کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سید عارف شیرازی نے تمام ذمے داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقے کے امیدوارو ں کی مہم بھر پور انداز میں فوری طور پر شروع کریں۔ عوام لوٹوں اور لٹیروں کو پہچان چکے ہیں۔ 25 جولائی کو بہروپیوں کو مسترد کردیں گے۔ وقت آ گیا ہے کہ مغرب کے ایجنٹوں اور اسلام مخالف عناصر سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ ایم ایم اے ہی متبادل قیادت ہے۔ سید عارف شیرازی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکا اور مغرب کی غلامی سے آزادی اور وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کے نشان کتاب پر مہر لگائیں۔