گھریلو صارفین کیلیے سوئی گیس 3 سو فیصد مہنگی کرنا قابل افسوس ہے ، میاں مقصود

146

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے اوگرا کی جانب سے گھریلو صارفین کے لیے گیس 300 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام پر پہلے ہی پیٹرول بم گرایا گیا اور اب گیس کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ حکمرانوں کے اس ظالمانہ اقدام سے عوام کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے نگراں حکومت بھی مسلم لیگ(ن)کی پالیسیوں کے تسلسل کوجاری رکھے ہوئے ہے اور اس کوبھی عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اوگرانے اوسط گیس قیمت میں234روپے کااضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت629روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی ہے۔ اس پر ستم بالائے ستم گیس چوری اور لیکج کی مد میں ہونے الے 21ارب روپے کے نقصان کا خمیازہ بھی غریب عوام بھگتیں گے اور اتنی بڑی خطیر رقم ان کی جیبوں سے نکالی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے گیس کی قیمتیں مصنوعی طریقے سے 4 سال تک برقرار رکھیں، اب اس کاخمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ گیس کے نرخوں میں ہوشربااضافے کے نتیجے میں ملک بھر میں مہنگائی کاطوفان آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ ناانصافی پر مبنی پالیسیاں اور امتیازی سلوک بند ہونا چاہیے۔ سابقہ حکومت نے گیس انفرا اسٹرکچر کی تعمیرکے لیے جمع ہونے والی رقم میٹروسمیت دیگرمنصوبوں پر خرچ کردی تھی۔انہوں نے کہاکہ نگراں وزیر اعظم ناصرالملک گیس کے نرخوں میں اضافے کافوری نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں اضافے کے بجائے کچھ کمی آسکے ۔لوگ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔فی کس آمدن ضروریات زندگی سے کہیں کم ہے۔عوام کی قوت خریدپہلے ہی بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ گیس کی لیکج اور چوری روکنے میں ناکامی کاسارابوجھ غریب عوام پر ڈالنا ظلم عظیم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکمرانوں نے اگردانشمندانہ فیصلے نہ کیے اور گیس کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو فی الفور واپس نہ لیاگیاتوعوام سراپااحتجاج بن جائیں گے۔