عوام بلوچستان کی ترقی میں کردار ادا کرنیوالوں کا انتخاب کریں ، خرم شہزاد

159

سبی (آئی این پی) حکومت بلوچستان کے ترجمان ونگراں صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کا انعقاد موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے عام انتخابات کیلیے ووٹر کو آگہی فراہم کرنے کیلیے سول سوسائٹی ،میڈیا ،علما کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا بلوچستان کے موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ لوگ ایسے امیدواروں کا انتخاب کریں جو بلوچستان کو ترقی ہ خوشحالی کی جانب گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے ایک روزہ دورے کے موقع پر آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر معروف سیاسی شخصیت ملک رفیق سیلاچی، آل پاکستان جرنلسٹس کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید طاہر علی، ڈسٹرکٹ پریس کلب سبی کے صدر میر جاویدبلوچ ، جنرل سیکرٹری یار علی گشکوری ،فنانس سیکرٹری حاجی سعید الدین طارق ، سینئر نائب صدر طاہر عباس منتظر سمیت سبی کے قبائلی، سیاسی، سماجی و عوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔ نگراں صوبائی وزیراطلاعات ونشریات بلوچستان ملک خرم شہزاد نے کہا کہ ہم بلوچستان میں پرامن انتخابات کیلیے آئے ہیں ہماری ذمے داری بڑی اہمیت کی حامل ہے بلوچستان کے ہر حلقے میں شفاف غیر جانبدار انتخابات کیلیے الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کریں گے حکومت رٹ کو بہر صورت بحال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علا الدین مری سمیت تمام کابینہ ایک ٹیم ورک کی طرح اپنی ذمے داری پوری ایمانداری کے ساتھ سرانجام دے رہی ہے تاکہ بلوچستان میں مثالی انتخابات کرائے جاسکیں۔ ملک خرم شہزاد نے کہا کہ ہم صر ف نیک نیت سے ہی اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے ،ہمیں عوام کے تعاون کی بھی ضرورت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلیے ضروری ہے کہ ووٹرز کو آگہی فراہم کی جائے اس مقصد کیلیے بلوچستان بھر کے مقامی پریس کلبز کے دورے مقامی صحافیوں سے ملاقات سمیت علما کرام سول سوسائٹی کے افراد سے ملاقات کی جارہی ہے تاکہ عام انتخابات کے سلسلے میں ووٹر کو آگہی اور ووٹ کی اہمیت اجاگر ہوسکے۔ انہوں نے کہا مقامی سطح پر علما کرام سول سوسائٹی کے افراد اور میڈیا کے نمائندے بہتر انداز میں یہ ذمے داری پوری کرسکتے ہے سول سوسائٹی کے نمائندے مقامی صحافی اور علما کرام اپنی ذمے داریوں کا احساس کریں اور لوگوں میں شعور وآگہی پیدا کریں کہ وہ ایسے باکردار نمائندوں کو انتخاب ممکن بنائیں جو بلوچستان کی ترقی عوام کی خوشحالی میں اپنا رول پلے کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے زیادہ بلوچستا ن میں انتخابات کا انعقاد ہے جس کیلیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔