گیس کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی،خالد محمود چودھری

108

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سنیئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے اوگراکی جانب سے گھریلوصارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں300فیصداضافہ کرنے کی منظوری دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ نگراں حکومت کی طرف سے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بعد اب گیس کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ نگراں حکومت بھی مسلم لیگ(ن)کی پالیسیوں کے تسلسل کوجاری رکھے ہوئے ہے اور اس کوبھی عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہاکہ اوگرانے اوسط گیس قیمت میں234 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت629 روپے فی ایم ایم بی ٹی یومقررکردی ہے۔اوپر سے گیس چوری اور لیکج کی مد میں ہونے والے 21 ارب روپے کے نقصان کاخمیازہ بھی غریب عوام بھگتیں گے اور اتنی بڑی خطیر رقم ان کی جیبوں سے نکالی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے گیس کی قیمتیں مصنوعی طریقے سے 4سال تک برقرار رکھیں، اب اس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔گیس کے نرخوں میں ہوشربااضافے کے نتیجے میں ملک بھر میں مہنگائی کاطوفان آئے گا۔انہوں نے کہاکہ نگراں وزیر اعظم ناصرالملک گیس کے نرخوں میں اضافے کافوری نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں اضافے کے بجائے کچھ کمی آسکے ۔